مجوزہ منصوبہ ساحلی پٹی کے حسن میں اضافہ کا باعث ہوگا(فوٹو، ایس پی اے)
نیوم کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ خلیج العقبہ پرنیا منصوبہ ’زینور‘ لانچ کیا گیا ہے۔ نئے منصوبے سے سیاحت کو غیرمعمولی فروغ ملے گا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کا کہنا ہے کہ خلیج العقبہ کی ساحلی پٹی پر حسین قدرتی مناظر ہیں جن سے سیاح لطف اندوز ہوں گے۔
نیے شروع کیے جانے والے منصوبے ’زینور‘ کی منصوبہ بندی اس طرح کی گئی ہے کہ یہ جدید ٹیکنالوجی اورفطری حسن کا امتزاج ہو۔ یہاں آنے والے سیاحوں کی تفریح کے لیے تمام ترسامان بھی مہیا کیا جائے گا۔
تفریحی منصوبے کے تحت زائرین اور سیاحوں کو ساحلی تفریحی تجربات سے لطف اندوز ہونے کا نیا اور منفرد ماحول فراہم کیاجائے گا۔
ریزورٹ میں انفرادی سوئمنگ پولز ،عمدہ لاونجز اور انتہائی پر آسائش رہائشی کمرے ہوں گے علاوہ ازیں فائیواسٹار ریسٹورنٹس اور عالمی معیار کی عصری خدمات فراہم کی جائیں گی۔
نیوم گروپ کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ ’زینور‘ منصوبے کے تحت سیاحوں کی دلچسپی کے لیے خریداری کا بھی خصوصی انتظام کیا جائے گا جہاں عالمی معیار کے معروف برانڈز بھی مہیا ہوں گے۔
واضح رہے نیوم سٹی میں اب تک سات منصوبوں کے قیام کا اعلان کیا جاچکا ہے جن میں ’لیجا‘ ، ’ابیکون‘ ، ’اوتامو‘ ، ’نورلانا‘ ، اکویلم‘ اور’زاردون‘ شامل ہیں جبکہ ’زینور‘ کے اعلان کے بعد مجموعی طورپروہاں تعمیر کیے جانے والے منصوبوں کی تعداد آٹھ ہو جائے گی۔