Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

الیکشن 2024: وہ انتخابی حلقے جہاں آج پولنگ نہیں ہو گی

پاکستانی فوج کے جوان کوئیک رسپانس فورس کے طور پر تعینات ہوں گے (فوٹو: اے ایف پی)
عام انتخابات 2024 کے لیے آج ہونے والی پولنگ کا وقت صبح 8 سے شام 5 بجے تک کا ہو گا اور بغیر کسی وقفے سے پولنگ جاری رہے گی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق آج قومی و صوبائی اسمبلیوں کے 855 حلقوں میں پولنگ ہو گی۔ قومی اسمبلی کے 265 صوبائی اسمبلیوں کے 590 نشستوں پر انتخابات ہوں گے۔
بلوچستان اسمبلی کی 51 نشستوں پر انتخابی عمل ہو گا۔ خیبرپختونخوا اسمبلی کے 130 میں سے 128 حلقوں پر پولنگ ہو گی۔ اس کے علاوہ پنجاب اسمبلی کی 297 میں سے 296 نشستوں پر الیکشن  ہو گا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق سندھ اسمبلی کی 130 سیٹوں پر پولنگ ہو رہی ہے۔

چار انتخابی حلقوں میں پولنگ ملتوی

ترجمان الیکشن کمیشن نگہت صدیقی کے مطابق قومی اسمبلی کی ایک نشست پر پولنگ کا عمل نہیں ہو گا جبکہ خیبرپختونخوا کے دو اور پنجاب اسمبلی کے ایک حلقے میں بھی پولنگ نہیں ہو گی۔
این اے 8 باجوڑ، پی کے 22، پی کے 22 باجوڑ 4 پر پولنگ نہیں ہو گی۔ پی پی 266 رحیم یارخان 12 میں بھی پولنگ کا عمل نہیں ہو گا۔مذکورہ حلقوں میں امیدواروں کی اموات کے سبب پولنگ ملتوی کی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ان حلقوں میں الیکشن بعد میں ہوں گے جن کے شیڈول کا باقاعدہ اعلان ہو گا۔

12 کروڑ 85 لاکھ 85 ہزار ووٹرز

عام انتخابات 2024 کے لیے مجموعی طور پر 12 کروڑ 85 لاکھ 85 ہزار ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔ان میں سے چھ کروڑ 63 ہزار 704مرد جبکہ 5 کروڑ 93 لاکھ 22ہزار 56 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔

خصوصی بیلٹ پیپرز

الیکشن کمیشن نے انتخابات کے 26 کروڑ خصوصی سکیورٹی فیچرز والے واٹر مارکڈ بیلٹ پیپرز چھاپے ہیں۔ ترجمان کے مطابق خصوصی سیکورٹی والے بیلٹ پیپرز کی چھپوائی کا مقصد صاف شفاف انتخابات کو یقینی بنانا ہے۔

17 ہزار سے زائد امیدوار

آئندہ عام انتخابات کے لیے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے لیے 17 ہزار سے زائد امیدوار قسمت آزمائی کر رہے ہیں۔
قومی و صوبائی اسمبلیوں کی 855 جنرل نشستوں پر 17ہزار سے زائد امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور ہوئے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق قومی اسمبلی کی نشستوں پر پانچ ہزار اور صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں پر 12 ہزار امیدوار میدان میں اترے ہیں۔

الیکشن کمیشن نے انتخابات کے 26 کروڑ خصوصی سکیورٹی فیچرز والے واٹر مارکڈ بیلٹ پیپرز چھاپے ہیں(فوٹو: اے ایف پی)

ملک بھر میں 11 ہزار سے زائد آزاد امیدوار بھی الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق قومی اسمبلی کی نشستوں پر 3 ہزار 748 آزاد اور 18 سو 73 سیاسی جماعتوں کے امیدوار انتخابات حصہ لے رہے ہیں۔
صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر 8 ہزار 537 آزاد اور 4 ہزار 158 سیاسی جماعتوں کے امیدوار ہیں۔ قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر 882 خواتین بھی انتخابات میں حصہ لے رہی ہیں۔
قومی اسمبلی کی نشستوں پر 312 اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر 570 خواتین امیدواران حصہ لے رہی ہیں۔
قومی اور صوبائی اسمبلیوں پر چھ ہزار 31 سیاسی جماعتوں کے امیدوار ہیں۔ سیاسی جماعتوں کی نسبت تقریبا دو گنا آزاد امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔
الیکشن کمیشن کی ترجمان نگہت صدیقی کے مطابق پنجاب اسمبلی کی نشستوں پر 6 ہزار 710، سندھ اسمبلی کی نشستوں پر 2 ہزار 878 امیدوار میدان میں ہیں۔خیبرپختونخوا اسمبلی کی نشستوں پر 1834، بلوچستان 1273 امیدوار میدان میں ہیں۔

90 ہزار 675 پولنگ سٹیشن

الیکشن کمیشن کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں ملک بھر میں 90 ہزار 675 پولنگ سٹیشن قائم کیے گئے ہیں جبکہ دولاکھ 76 ہزار 398 پولنگ بوتھ قائم بھی لگائے گئے ہیں۔
عام انتخابات 2024 میں ملک بھر میں 46 ہزار 65 پولنگ سٹیشنز کو حساس اور انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔

پولنگ عملہ: نو لاکھ 76 ہزار

الیکشن کمیشن کے مطابق ملک بھر میں نو لاکھ 76 ہزار افراد پر مشتمل پولنگ عملہ تعینات کر دیا گیا۔ عام انتخابات میں سات لاکھ سے زائد پولیس، رینجرز اور فوجی اہلکار ڈیوٹی دیں گے۔
پاکستانی فوج کے جوان کوئیک رسپانس فورس کے طور پر تعینات ہوں گے۔

شیئر: