سکیورٹی صورتحال سے آگاہ، پولنگ ڈے کے لیے انتظامات مکمل ہیں: مرتضیٰ سولنگی
نگراں وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ انتخابات میں صرف چار دن باقی رہ گئے ہیں اور انتخابات کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
سنیچر کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نگراں وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی نے کہا کہ انتخابات کی سکیورٹی کو تین حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پہلے حصے میں پولیس، دوسرے میں رینجرز اور ایف سی سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ سکیورٹی کے تیسرے حصے کی ذمہ داری آرمی کے پاس ہوگی۔ پرامن اور شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنایا جائے گا۔
نگراں وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی کی 266 نشستوں پر انتخابات ہو رہے ہیں۔
بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں سکیورٹی کی صورتحال پر جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’ہم 2005 سے دہشت گردی کا سامنا کر رہے ہیں، لیکن 2008 میں الیکشن ہوئے۔‘
مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ ’افغانستان میں طالبان کی حکومت آنے کے بعد دہشت گردی میں اضافہ ہوا۔ ٹی ٹی پی اور القاعدہ افغانستان کو محفوظ پناہ گاہ کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔ ہم اس صورتحال سے واقف ہیں اور الیکشن اپنے وقت پر ہوں گے۔‘
ان کے مطابق ووٹرز کی مجموعی تعداد 12 کروڑ 85 لاکھ 85 ہزار 760 ہے۔ 6 کروڑ 92 لاکھ 63 ہزار 704 مرد اور 5 کروڑ 93 لاکھ 22 ہزار 56 خواتین ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ پاکستان دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں کر رہا ہے۔