Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لائیو: پولنگ کا وقت ختم ہونے میں ایک گھنٹے سے کم وقت باقی

صبح 8 بجے سے 11 بجے تک کی لائیو کوریج کے لیے یہاں کلک کریں
عام انتخابات 2024 کے لیے پاکستان میں پولنگ کا عمل آج صبح آٹھ بجے شروع ہوا جو بغیر کسی وقفے کے شام پانچ بجے تک جاری رہے گا جبکہ وزارت داخلہ نے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس معطل کر دی ہے۔
گجرات کے حلقہ این اے 62 کے تین پولنگ سٹیشنز پر پولنگ کا وقت شام سات بجے تک بڑھا دیا گیا ہے۔ ان پولنگ سٹیشنز پر الیکشن کمیشن کا عملہ تاخیر سے پہنچا تھا۔
ملک بھر سے 12 کروڑ 79 لاکھ 21 ہزار 49 رجسٹرڈ ووٹرز قومی اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے لیے نمائندے منتخب کریں گے۔ قومی اسمبلی کے ایک اور صوبائی اسمبلیوں کے تین حلقوں سمیت چار انتخابی حلقوں میں امیدواروں کی اموات کی وجہ سے پولنگ ملتوی کر دی گئی ہے۔ 
پاکستان کے سرکاری ٹی وی کے مطابق حکام نے کہا ہے کہ ملک میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں اور انتہائی حساس پولنگ سٹیشنز کی نگرانی سی سی ٹی وی کیمروں سے کی جا رہی ہے۔
الیکشن کے مقررہ وقت پر ہونے یا نہ ہونے کے حوالے سے وقتاً فوقتاً پھیلنے والی افواہیں اور خدشات بھی دم توڑ چکے ہیں۔
ملک بھر میں 14 لاکھ 90 ہزار افراد پر مشتمل انتخابی عملہ اپنی ذمہ داریاں سرانجام دے گا۔ ملک بھر میں 90 ہزار 675 پولنگ سٹیشنز اور دو لاکھ 66 ہزار 398 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں، ہر حلقے کا غیرحتمی غیرسرکاری نتیجہ ریٹرننگ آفیسر کے دفاتر سے جاری کیا جائے گا۔

بیرسٹر گوہر کا پولنگ انتظامات پر عدم اعتماد

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور بونیر سے آزاد حیثیت میں انتخاب لڑنے والے بیرسٹر گوہر علی نے پولنگ انتظامات پر عدم اطیمنان کا اظہار کیا ہے جس پر صوبائی الیکشن کمشنر خیبر پختونخوا نے وضاحت جاری کی ہے۔
 صوبائی الیکشن کمشنر کے مطابق صوبے بھر کی طرح ضلع بونیر میں بھی پولنگ کے لیے بہتر اور مناسب انتظامات کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر ضلع بونیر میں 397 پولنگ سٹیشن قائم کیے گئے ہیں اور اب تک بونیر میں خوشگوار ماحول میں پولنگ کا عمل جاری ہے۔

موبائل فون اور انٹرنیٹ سروسز فوری بحال کی جائیں: پاکستان تحریک انصاف کا مطالبہ

پاکستان تحریک انصاف نے مطالبہ کیا ہے کہ ’ملک بھر میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروسز فوری بحال کی جائیں اور عوام کو آئینی حق کے استعمال کی اجازت دی جائے۔‘
پاکستان تحریک انصاف نے ایک بیان میں موبائل سروس بند ہونے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’الیکشن کمیشن آف پاکستان انتخابات کی شفافیت اور ساکھ کو برقرار رکھنے میں بری طرح ناکام رہا ہے۔‘
الیکشن کے روز موبائل فون سروس کی بندش ووٹر ٹرن آؤٹ کم کر کے عوام کو حق رائے دہی استعمال کرنے کے دستوری حق سے محروم کرنے کی منظم سازش ہے۔‘

ضلع خاران میں لیویز کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی، دو اہلکار ہلاک

بلوچستان کے ضلع خاران میں پولنگ عملے کی حفاظت پر تعینات لیویز کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں دو اہلکار ہلاک اور سات زخمی ہو گئے۔
لیویز کنٹرول خاران کے مطابق جمعرات کی صبح  خاران سے تقریباً 30 کلومیٹر دور لجے کے مقام پر لیویز کی گاڑی پولنگ عملے کو سکیورٹی میں پولنگ سٹیشن کی طرف لے کر جا رہی تھی جب بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ آئی ای ڈی دھماکے کے نتیجے میں لیویز اہلکار غلام حیدر اور سپیشل برانچ پولیس کے اہلکار راشد علی ہلاک ہوئے جبکہ لیویز کے رسالدار میجر حاجی خدا بخش، سپاہی جلال شاہ، سیف الرحمان، زین عارف، عمران خان اور سیف اللہ کے علاوہ سپیشل برانچ عبدالسلام زخمی ہوئے۔

موبائل فون سروس کی بندش پر الیکشن کمیشن کو خط 

جماعت اسلامی کراچی الیکشن سیل کے نگراں راجہ عارف سلطان کا موبائل سروس کی بحالی کے حوالے سے صوبائی الیکشن کمشنر شریف اللہ کے نام خط ارسال کیا ہے۔
جماعت اسلامی کراچی کے ترجمان کے مطابق ’نیٹ اور موبائل سروس کی بندش کی وجہ سے دھاندلی کے امکانات بہت بڑھ گئے ہیں۔ فوری طور پر نیٹ اور موبائل سروس بحال کروائیں اور نہ شفافیت کا مکمل جنازہ نکل جائے گا۔‘

دولت مشترکہ کے مبصرین کا اسلام آباد کے مختلف پولنگ سٹیشنوں کا دورہ

انتخابات کے پیشِ نظر الیکشن کمیشن کی جانب سے مدعو کیے گئے بیرون ملک سے آنے والے مختلف مبصرین اور صحافیوں نے مختلف پولنگ سٹیشنز کا دورہ کیا۔
یہ مبصرین الیکشن کے دوران ووٹنگ کی صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔
دولت مشترکہ کے دوروں کا مقصد انتخابی عمل کی نگرانی ہے۔

دھاندلی ہی نہیں دھاندلے کا آغاز موبائل سروس کی بندش سے ہوا ہے‘

پاکستان کی مذہبی سیاسی پارٹی جماعت اسلامی کہا ہے کہ ملک میں موبائل فون سروس بند کرنا دھاندلی کی جانب پہلا مضبوط قدم ہے۔
جماعت اسلامی کے نصراللہ رندھاوا نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’من پسند افراد کو ہیرا پھیری کے ذریعے مسلط کرنے کے لیے ایسے حربے استعمال کیے جا رہے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ موبائل سروس کی بندش سے رابطے کا ذریعہ ختم کر دیا گیا۔ رابطے کے فقدان کے باعث کئی پولنگ سٹیشن پہ ایجنٹ ہی نہیں پہنچ پائے۔‘
انہوں نے کہا کہ موبائل سروس کی بندش سے شکایات کا اندراج کیسے ہو گا؟ دھاندلی ہی نہیں دھاندلے کا آغاز موبائل سروس کی بندش سے ہوا ہے۔‘

شمالی وزیرستان میں خواتین پولنگ ایجنٹس پر طالبان کا حملہ، محسن داوڑ کا دعویٰ

نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کے چیئرمین محسن داوڑ نے دعویٰ کیا ہے کہ شمالی وزیرستان کے گاؤں تپی میں ان کی تین خواتین ایجنٹس پر طالبان نے حملہ کیا ہے تاہم وہ اس میں محفوظ رہیں۔
محسن داوڑ این اے 40 سے الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔
جنوری میں ان کی گاڑی پر بھی تپی گاؤں میں فائرنگ ہوئی تھی۔

ملک بھر میں موبائل سروس فوری بحال کی جائے: بلاول بھٹو زرداری

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مطالبہ کیا ہے کہ ملک بھر میں فوری طور پر موبائل فون سروس بحال کی جائے۔
انہوں نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر لکھا کہ ’میں نے اپنی پارٹی سے کہا ہے کہ اس کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان اور عدالتوں سے رجوع کیا جائے۔‘

الیکشن کمیشن کے مانیٹرنگ سیل میں 25 شکایات موصول

اسلام آباد میں قائم الیکشن کمیشن کے مانیٹرنگ سیل میں 25 شکایات موصول ہوئیں۔
مانیٹرنگ سیل کے انچارج ہارون شینواری نے کہا ہے کہ شکایات پولنگ تاخیر سے شروع ہونے اور دیگر وجوہات سے متعلق ہیں۔
ہارون شینواری کا کہنا ہے کہ ان شکایات کا فوری ازالہ کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں پولنگ کا عمل پرامن جاری ہے۔

غیرملکی مبصرین کا اسلام آباد میں پولنگ سٹیشن کا دورہ

غیرملکی مبصرین نے ایف 6 ون میں پولنگ سٹیشن کا دورہ کیا اور ووٹنگ کے عمل کا جائزہ لیا۔

ووٹرز کو پولنگ سٹیشن ڈھونڈنے میں مشکلات کا سامنا

ملک کے مختلف شہروں میں ووٹرز کو پولنگ سٹیشن ڈھونڈنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے پشاور میں شہریوں نے بتایا کہ میسج پر جو پولنگ سٹیشن بتایا گیا وہاں ان کا نام ہی موجود نہیں۔
پشاور کے اندرون شہر اور گلبہار کے پولنگ سٹیشنز پر پولنگ ایجنٹس نہ ہونے کی وجہ سے پولنگ کا عمل تاخیر سے شروع ہوا ہے۔
اسی طرح لاہور کے حلقے این اے 130 میں ووٹرز کو اپنے حلقے کے حوالے سے معلومات نہ ہونے کے باعث مشکلات پیش آرہی ہیں۔
ایک پریزائیڈنگ افسر کے مطابق انٹرنیٹ نہ ہونے کی وجہ سے وہ بروقت رہنمائی نہیں کر پا رہے۔
پریزائڈنگ افسر نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’ہمارا اپنا سسٹم بھی رات سے ڈاؤن تھا۔ ابھی انٹرنیٹ بھی کام نہیں کر رہا۔ لوگوں کو مشکلات ہیں۔ پولنگ ایجنٹس بھی ابھی تک نہیں پہنچے۔ ہمارا کسی سے رابطہ نہیں ہو پا رہا۔‘
دوسری جانب کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سرد موسم اور انٹرنیٹ کی بندش کی وجہ سے ٹرن آؤٹ کم ہے۔

’ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے اقدامات‘، پاکستان میں موبائل فون سروس معطل

پاکستان میں عام انتخابات کے لیے پولنگ شروع ہونے سے قبل بڑے شہروں میں موبائل فون سروس متاثر ہونے کی شکایات سامنے آنے کے بعد حکومت نے تصدیق کی ہے کہ سروس عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے۔
جمعرات کی صبح وزارت داخلہ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ملک بھر میں موبائل فون سروس عارضی طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ امن و امان قائم رکھنے اور ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے حفاظتی اقدامات ضروری ہیں۔

شیئر: