سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق ریاض میں گزشتہ 5 روز سے جاری عالمی دفاعی نمائش 8 فروری کو ختم ہو گئی۔ نمائش میں 116 ممالک کے مختلف وفود نے شرکت کی جن میں 441 سرکاری تھے۔
نمائش میں آنے والوں کی تعداد ایک لاکھ 6 ہزار سے زیادہ رہی جبکہ 773 صنعتی کمپنیوں نے اپنے اسٹالز لگائے جہاں ان کی دفاعی سامان کی مصنوعات رکھی گئی تھیں۔
نمائش کے اختتام پر عسکری صنعت اتھارٹی کے کمشنر انجینئیر احمد بن عبدالعزیز العوھلی نے نمائش کے انعقاد پر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ نمائش کے انعقاد سے عالمی مارکیٹ میں عسکری صنعت کے حوالے سے نئے دروازے کھلے۔ عسکری سامان کی صنعت سے وابستہ افراد کو مختلف ٹیکنالوجی کے بارے میں بھی معلومات کے تبادلے کا موقع ملا۔ آئندہ نمائش کے حوالے سے انجینئرالعوھلی نے مزید کہا کہ سال 2026 میں تیسرے ایڈیشن کا انعقاد کیا جائے گا۔