لائیو: لاہور ہائی کورٹ نے قومی اور پنجاب اسمبلی کے 14 حلقوں کے نتائج کیخلاف درخواستیں خارج کر دیں
حکومت کی تشکیل کے لیے جوڑ توڑ حتمی مرحلے میں داخل
لاہور ہائی کورٹ: قومی اور پنجاب اسمبلی کے 14 حلقوں کے نتائج کیخلاف درخواستیں خارج
لاہور ہائی کورٹ نے قومی اسمبلی اور پنجاب اسمبلی کے 14 نشستوں میں نتائج روکنے کے خلاف درخواستیں خارج کر دیں۔
لاہور ہائی کورٹ کے جج جسٹس باقر نجفی نے درخواستیں خارج کیں۔
جن حلقوں کے نتائج کو چیلینج کر دیا گیا تھا ان میں این اے 117 علیم خان، این اے 119 مریم نواز ،این اے 126 ملک سیف الملوک کھوکھر، این اے 127 عطا تارڑ، این اے 128 عون چوہدری، این اے 117 خواجہ آصف، این اے 80 شاہد عثمان، این اے 87 ملک شاکر بشیر اعوان، پی پی 167 عرفان شفیع کھوکھر، پی پی 169 ملک خالد کھوکھر، پی پی 46 فیصل اکرام، پی پی 47 چوہدری محمد منشا، پی پی 53 سے رانا عبد الستار اور پی پی 170 کے حلقے شامل ہیں۔
پی ٹی آئی رہنماؤں کی صدر علوی سے ملاقات، انتخابات میں ’دھاندلی‘ سے آگاہ کیا
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے پیر کو ایوان صدر میں ملاقات کی۔
ایوان صدر سے جاری اعلامیے کے مطابق پی ٹی آئی رہنما رؤف حسن اور عمیر نیازی نے صدر عارف علوی سے ایوان صدر میں ملاقات کی۔
ملاقات میں پاکستان تحریک انصاف کے وفد نے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے حوالے سے صدر مملکت کو آگاہ کیا۔
’وفد نے صدرمملکت کو انتخابی عمل میں ہونے والی مبینہ بےضابطگیوں کے بارے میں پارٹی موقف سے آگاہ کیا۔‘
وفد کا موقف تھا کہ مختلف حلقوں میں جاری کردہ فارم 45 ہی انتخابی نتائج کے اصل حقائق بتاتے ہیں۔
’پارٹی کو دبانے،انتخابی نشان چھیننے اورگرفتاریوں کے باوجود انتخابات میں کامیابی ملی۔ زیادتیوں کے باوجود عام انتخابات میں عوام نے پارٹی کے امیدواروں پر اعتماد کا اظہار کیا۔‘
وفد نے صدر مملکت کو بتایا کہ زیادتیوں کے باوجود عام انتخابات میں عوام نے پارٹی کے امیدواروں پر اعتماد کا اظہار کیا۔
پی ٹی آئی کے سابق ایم پی اے راولپنڈی میں فائرنگ میں ہلاک
پاکستان تحریک انصاف کے کے سابق ایم پی اے اور حالیہ انتخابات میں این اے 57 اور پی پی 19 سے آزاد امیدوار چوہدری عدنان قاتلانہ حملے میں جان سے گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق نامعلوم افراد نے جھنڈا چیچی کے قریب چوہدری عدنان پر فائرنگ کی جس میں وہ شدید زخمی ہوگئے۔
زخمی ہونے والے چوہدری عدنان کو بے نظیر بھٹو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دم توڑ گئے ۔
چوہدری عدنان 2018 میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر ایم پی اے منتخب ہوئے تھے۔ 9 مئی کے واقعات کے بعد چوہدری عدنان نے آزاد حیثیت اختیار کر رکھی تھی۔
پنجاب اسمبلی کے 7 آزاد ارکان کی مریم نواز سے ملاقات، ن لیگ میں شمولیت کا اعلان
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینیئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف سے 7 نومنتخب ارکان پنجاب اسمبلی نے ملاقات کرکے ن لیگ میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔
مسلم لیگ ن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پنجاب اسمبلی کے حلقے پی پی 240 بہاولنگر سے سہیل خان، پی پی 48 سیالکوٹ سے خرم ورک، پی پی 249 احمد پور شرقیہ سے شہزادہ گزین عباسی نے ملاقات مریم نواز سے ملاقات کی۔
ملاقات کرنے والوں میں راجن پور سے خضر مزاری، پی پی 96 چنیوٹ سے ذوالفقار علی شاہ، پی پی 49 پسرور سے رانا فیاض اور پی پی 97 چنیوٹ سے ثاقب چدھڑ شامل تھے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ مریم نواز شریف نے آزاد ارکان کو مسلم لیگ (ن) میں شمولیت پر مبارک دی اور ان کے فیصلے کا خیرمقدم کیا۔
’آپ کا فیصلہ پاکستان کے عوام کی مشکلات کے حل کا ذریعہ بنے گا۔ آپ کا اعتماد عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے میں محمد نواز شریف کے ہاتھ مضبوط کرے گا۔‘
خیال رہے ن لیگ میں شمولیت اختیار کرنے والے تمام امیدوار آزاد منتخب ہوئے تھے اور یہ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ نہیں تھے۔
تفصیلات کے مطابق پی پی 240 سے پاکستان تحریک انصاف کے نامزد آزاد امیدوار اویس اصغر ناکام رہے جبکہ ان کے مقابلے میں آزاد امیدوار محمد سہیل خان 42 ہزار 94 ووٹ کے ساتھ کامیاب قرار پائے۔
پی پی 48 سے پاکستان تحریک انصاف کے نامزد آزاد امیدوار احسن عباس ناکام رہے جبکہ آزاد امیدوار خرم خان ورک 47 ہزار 340 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے انہوں نے پاکستان مسلم لیگ نون میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔
پی پی 249 سے پاکستان تحریک انصاف کے نامزد آزاد امیدوار جواد احمد لودھی ناکام رہے جبکہ ان کے مقابلے میں آزاد امیدوار صاحبزادہ محمد غزیان عباسی کامیاب ہوئے۔
پی پی 96 سے پاکستان تحریک انصاف کے نامزد آزاد امیدوار حسن جھپا ناکام رہے جبکہ آزاد امیدوار سید ذوالفقار علی شاہ 52721 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔
پی پی 49 سے پاکستان تحریک انصاف کے نامزد آزاد امیدوار منور گل ناکام رہے جبکہ ازاد امیدوار محمد فیاض 48 ہزار 219 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔
پی پی 97 سے پاکستان تحریک انصاف کے نامزد آزاد امیدوار سلیم بی بی ناکام رہی جبکہ آزاد امیدوار محمد ثاقب خان 42959 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔