بلوچستان میں مبینہ انتخابی دھاندلی، قوم پرست جماعتوں کا احتجاج اور شٹرڈاؤن ہڑتال
بلوچستان میں مبینہ انتخابی دھاندلی، قوم پرست جماعتوں کا احتجاج اور شٹرڈاؤن ہڑتال
منگل 13 فروری 2024 18:14
زین الدین احمد -اردو نیوز، کوئٹہ
ڈی آر او کوئٹہ کے دفتر کے باہر نو فروری سے قوم پرست جماعتوں کا دھرنا جاری ہے (فوٹو: جمال خان)
کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں مبینہ انتخابی دھاندلیوں کے خلاف 10 سے زائد جماعتوں کی جانب سے احتجاج کیا جا رہا ہے۔
صوبے کی کئی شاہراہیں پانچ روز سے بند ہیں۔ چار قوم پرست جماعتوں کے اتحاد کی اپیل پر کوئٹہ سمیت صوبے بھر میں شٹرڈاؤن ہڑتال کی جا رہی ہے۔
بلوچستان اسمبلی کی 51 میں سے 30 سے زائد اور قومی اسمبلی کی 16 میں سے نصف کے نتائج کے خلاف احتجاج کیا جا رہا ہے۔
بلوچستان کی چار قوم پرست جماعتوں نیشنل پارٹی، بلوچستان نیشنل پارٹی، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی اور ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی نے مبینہ انتخابی دھاندلیوں کے خلاف اتحاد بنا لیا ہے۔
ان قوم پرست جماعتوں کی جانب سے کوئٹہ کے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر کے دفتر کے باہر نو فروری سے دھرنا جاری ہے۔
چار جماعتی اتحاد نے منگل کو شٹرڈاؤن ہڑتال کی کال دی تھی جس پر صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں شٹرڈاؤن ہڑتال ہوئی۔
شہر کی تقریباً تمام چھوٹی بڑی مارکیٹیں اور کاروباری مراکز بند رہے۔ پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، چمن، لورالائی، ہرنائی، مستونگ، قلات، خضدار، نوشکی، چاغی، خاران، کیچ اور گوادر سمیت صوبے کے دیگر شہروں میں کاروباری و تجارتی مراکز بند رہے۔
چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی کی جیت کو دھاندلی قرار دیتے ہوئے جے یو آئی کے امیدوار امان اللہ نوتیزئی نے پانچ دنوں سے چاغی میں دھرنا دے رکھا ہے۔
دالبندین میں مسلسل تین دنوں سے شٹرڈاؤن ہڑتال کی جا رہی ہے۔ شہر میں اشیائے خورونوش کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔
چاغی کے علاقے یک مچ میں یک مچ خاران شاہراہ بند ہے۔ تفتان کوئٹہ شاہراہ پانچویں روز بھی بند رہنے کی وجہ سے سینکڑوں گاڑیاں اور مسافر پھنس گئے۔
بڑی گاڑیوں میں لدے گوشت، سبزیاں اور پھل خراب ہونے لگے ہیں۔ ٹرک ڈرائیوروں نے سڑک کُھلوانے کے لیے ڈپٹی کمشنر کے دفتر کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔
ایران سے پاکستان آنے والے ایک مسافر نے بتایا کہ ’ہم چار روز سے تفتان میں پھنسے ہیں۔ لوگ ہوٹلوں میں رہ رہے ہیں ۔بہت سے مسافروں کے پاس رقم اور کھانے پینے کی اشیا ختم ہوگئی ہیں اور انہیں سخت مشکلات کا سامنا ہے۔‘
لیویز کنٹرول روم کے مطابق چاغی اور نوشکی میں کوئٹہ تفتان شاہراہ، چمن میں کوئٹہ چمن شاہراہ، خضدار میں کوئٹہ کراچی شاہراہ، کوئٹہ ژوب شاہراہ پشین کے علاقے زیارت کراس کے مقام پر بند ہیں۔
اسی طرح کوئٹہ ہرنائی شاہراہ ہرنائی کے مقام پر، کوئٹہ قلعہ سیف اللہ شاہراہ مسلم باغ کے مقام پر مختلف سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کے احتجاج کی وجہ سے بند ہیں۔
اے این پی کا چمن، نیشنل پارٹی کا کوئٹہ، بارکھان، کیچ اور گوادر، پیپلز پارٹی کا نصیرآباد، جعفرآباد اور لورالائی، ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کا کوئٹہ، پی ٹی آئی کا ہرنائی، زیارت، لورالائی اور کوئٹہ میں احتجاج جاری ہے۔
حق دو تحریک کیچ گوادر، پشتونخوا میپ کوئٹہ، پشین، چمن اور زیارت کی صوبائی و قومی اسمبلی کی نشستوں کے نتائج میں مبینہ ردوبدل اور دھاندلی کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔