Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لائیو: جمیعت علمائے اسلام نے انتخابی نتائج کو مسترد کر دیا

طے ہوا ہے سب مل بیٹھ کر حکومت بنائیں گے: آصف علی زرداری
’آئی ایم ایف سے معاہدہ سب سے بڑا چیلنج‘، نئی حکومت کو کن مسائل کا سامنا ہوگا؟
جماعت اسلامی خیبرپختونخوا کے آزاد امیدواروں کو ’آشیانہ‘ فراہم کرے گی؟
خیبرپختونخوا کے نامزد وزیر اعلیٰ: ’شعلہ بیان اور جذباتی‘ رہنما علی امین گنڈا پور
سیاست سے قبل تنازعات کا شکار، مریم نواز پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ نامزد

اسلام آباد: سری نگر ہائے وے کے قریب سے میزائل برآمد

اسلام آباد کے سری نگر ہائے وے کے قریب سے میزائل برآمد ہوا ہے۔

میزائل سی ڈی اے کی جانب سے کھدائی کے دوران برآمد ہوا۔ میزایل برآمد ہونے کے بعد پولیس اور بم ڈسپوزل سکواڈ مواقع پر پہنچ گئے۔

پولیس اور بمب ڈسپوزل سکواڈ نے  میزائل کو ناکارہ بنا دیا۔

جمعیت علمائے اسلام نے انتخابی نتائج کو مسترد کر دیا

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے آٹھ فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے نتائج کو مسترد کر دیا ہے۔
بدھ کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ان کی جماعت کی مرکزی مجلس عاملہ نے آٹھ فرروری 2024 کے انتخابی نتائج کو مجموعی طور پر مسترد کر دیا ہے۔
’انتخابی دھاندلی نے سنہ 2018 کے انتخابات کی دھاندلی کا ریکارڈ بھی توڑ ڈالا ہے۔ الیکشن کمیشن اسٹیبلشمنٹ کے ہاتھوں یرغمال رہا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) الیکشن کمیشن کے اس بیان کو مسترد کرتی ہے جس میں انہوں نے الیکشن کو شفاف قرار دیا ہے۔
’جمعیت علمائے اسلام (ف) کی نظر میں پارلیمنٹ اپنی اہمیت کھو بیٹھی ہے اور جمہوریت اپنا مقدمہ ہار رہی ہے۔ لگتا ہے کہ اب فیصلے ایوان میں نہیں میدان میں ہوں گے۔ جمعیت علمائے اسلام پارلیمانی کردار ادا کرے گی تاہم اسمبلیوں میں شرکت تحفظات کے ساتھ ہو گی۔‘
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ مرکزی مجلس عاملہ نے مرکزی مجلس عمومی کو سفارش کی ہے کہ وہ جماعت کی پارلیمانی سیاست کے بارے میں فیصلہ کرے کہ ’جمعیت مستقل طور پر پارلیمانی سیاست سے دستبردار ہو اور عوامی جدوجہد کے ذریعے اسٹیبلشمنٹ کی مداخلت سے پاک ماحول میں عوام کی حقیقی نمائندگی کی حامل اسمبلیوں کے انتخاب کو ممکن بنایا جا سکے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’جمعیت علمائے اسلام (ف) ایک نظریاتی قوت ہے، ملک کے داخلی نظام اور بین الاقوامی مسائل پر کسی مصلحت یا سمجھوتے کا شکار نہیں ہو گی، اور وسیع مشاورت کے بعد ملک میں اپنے عظیم مقاصد کے لیے تحریک چلائیں گے۔ کارکن اپنی تاریخ کو اپنی قربانیوں کے ساتھ تابندہ رکھنے کے عزم کے ساتھ تحریک میں اترنے کے لیے تیار رہیں۔‘
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ نے کہا کہ ’اگر اسٹیبلشمنٹ سمجھتی ہے کہ الیکشن شفاف ہوئے ہیں تو پھر اس کا معنیٰ یہ ہے کہ فوج کا نو مئی کا بیانیہ دفن ہو چکا ہے۔ اور پھر قوم نے جیسے غداروں کو مینڈیٹ دیا ہے۔‘
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ الیکشن کے نتائج اس بات کا بھی واضح اشارہ دےرہا ہے کہ کامیاب یا شکست خوردہ امیدواروں سے بڑی بڑی رشوتیں لی گئی ہیں اور بعض کو تو پیسوں کے بدلے پوری کی پوری اسمبلیاں عطا کی گئی ہیں۔ اس لیے میں مسلم لیگ نواز شریف کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ آئیں اور ہم مل کر اپوزیشن میں بیٹھیں۔‘

نواز شریف کا وزارت عظمیٰ قبول نہ کرنے مطلب سیاست سے کنارہ کشی نہیں، مریم نواز

پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ وزارت عظمٰی کا عہدہ قبول نہ کرنے کا مطلب یہ نہیں کہ نواز شریف سیاست سے کنارہ کشی اختیار کر رہے ہیں۔
بدھ کو مریم نواز نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر پوسٹ کیا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف اگلے پانچ سال نہ صرف بھرپور سیاست کریں گے بلکہ وفاق و پنجاب میں اپنی حکومتوں کی سرپرستی کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف انتخابی تقاریر میں واضح کر چکے ہیں کہ وہ کسی مخلوط حکومت کا حصہ نہیں بنیں گے۔
’جو لوگ نواز شریف کے مزاج سے وقف ہیں انھیں نواز شریف کے اصولی موقف کا پتہ ہے۔ شہباز شریف اور میں ان کے سپاہی ہیں۔ ان کے حکم کے پابند ہیں اور ان کی سربراہی اور نگرانی میں کام کریں گے۔‘

جب پی ٹی آئی نے بات کرنے سے انکار کر دیا تو کیوں بات کریں گے: فیصل کریم کنڈی

پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکریٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ ’اگر آصف زرداری کو رابطہ کرنا ہو تو کسی اہم شخص سے رابطہ کرتے، شیر افضل مروت کا بیان بچگانہ ہے ہم انہیں سنجیدہ نہیں لیتے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’جب پی ٹی آئی نے بات کرنے سے انکار کر دیا ہے تو کیوں بات کریں گے۔ پی ٹی آئی کو کوئی موقف دینا ہے تو کسی سنجیدہ شخص کو سامنے لائیں۔‘
یاد رہے کہ تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’کل رات 11 بجے تک آصف زرداری صاحب مجھ بسے رابطہ کرتے رہے، پارٹی کی قیادت نے اس معاملے پر بات چیت کی۔ پیپلز پارٹی نے عدنیہ دیا ہے کہ ہماری ترجیح ن لیگ کے بجائے پی ٹی آئی ہے۔‘
موقف تبدیل کیا گیا‘، جماعت اسلامی کا حکومت سازی میں پی ٹی آئی سے تعاون نہ کرنے کا فیصلہ

جماعت اسلامی نے پاکستان تحریک انصاف پر موقف میں تبدیلی کا الزام لگاتے ہوئے خیبرپختونخوا میں حکومت سازی میں تعاون نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بدھ کو جماعت اسلامی کی جانب سے جاری ہونے والی پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ نائب امیر اور مرکزی مجلس شورٰی کی قائمہ کمیٹی برائے سیاسی و انتخابی امور کے صدر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ ’جماعت اسلامی نے طے کیا تھا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ اشتراک قومی مفاد میں ہو گا تاہم موقف تبدیل ہونے کے بعد صوبے کی سطح پر بھی حکومت سازی میں تعاون نہیں کیا جائے گا۔

ضلع حب میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی پر تصادم، دو ہلاک اور 13 زخمی

کراچی سے متصل بلوچستان کے ضلع حب میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے معاملے پر دو گروہوں کے درمیان تصادم ہوا جس کے دوران فائرنگ سے دو افراد ہلاک اور 13 زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق منگل کی رات کو بلوچستان اسمبلی کی نشست پی بی 21 حب پر ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے تنازع پر پیپلز پارٹی کے امیدوار علی حسن زہری اور بلوچستان عوامی پارٹی کے کامیاب امیدوار سردار صالح بھوتانی کے حامیوں کے درمیان حب میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر کے دفتر کے قریب تصادم ہوا۔

ایس ایس پی لسبیلہ ظہور بلیدی کے مطابق دو طرفہ فائرنگ سے دو افراد ہلاک اور 13 زخمی ہو گئے جنہیں علاج کے لیے کراچی منتقل کر دیا گیا۔

زخمیوں میں دو افراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

بلوچستان: انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف چھٹے روز بھی احتجاج جاری

بلوچستان میں انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف چھٹے روز بھی احتجاج جاری ہے۔

پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے کارکنوں نے پارٹی کے سربراہ خوشحال کاکڑ کی نشست پر مبینہ دھاندلی کے خلاف ژوب، قلعہ سیف اللہ اور مسلم باغ کے مقامات پر کوئٹہ ژوب شاہراہ بند کر دی ہے۔

کوئٹہ میں بھی ایئرپورٹ روڈ اور مشرقی بائی پاس پر سڑکیں بند کی گئی ہیں۔

کوئٹہ میں نیشنل پارٹی، پشتونخوا میپ، بلوچستان نیشنل پارٹی اور ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کا ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر کے دفتر کے باہر چھ روز سےدھرنا جاری ہے۔

پرویز الٰہی کی ضمانت منظور، عدالت کا رہائی کا حکم

صوبہ پنجاب کی مقامی عدالت نے سابق وزیراعلٰی چوہدری پرویز الٰہی کی پرنسپل سیکریٹری بھرتی کیس میں ضمانت منظور کر لی۔

بدھ کو جسٹس شہرام سرور چوہدری نے سابق وزیراعلٰی چوہدری پرویز الٰہی کی درخواست پر سماعت کی۔

عدالت نے ضمانت منظور کرنے کے بعد چوہدری پرویز الٰہی کی رہائی کا حکم دیا ہے۔

عدالت نے پرویز الٰہی کو ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا۔ 

اسلام آباد کے تینوں حلقوں سے ارکان قومی اسمبلی کی کامیابی کے نوٹیفکیشنز کے خلاف درخواستوں پر فیصلہ محفوظ

اسلام آباد ہائیکورٹ نے دارالحکومت کے تینوں حلقوں سے ارکان قومی اسمبلی کی کامیابی کے نوٹیفکیشنز کے خلاف درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔

قومی اسمبلی کے حلقہ 46، 47 اور 48 کے کامیاب امیدواروں کا نوٹیفیکیشن کے خلاف کیس کی سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہوئی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔

این اے 48 سے کامیاب آزاد امیدوار راجہ خرم نواز نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ’جعلی فارم 45 بنا کر پھیلا رہے ہیں۔ جہاں یہ جیتے وہ ٹھیک ہے جہاں کوئی اور جیتے وہ غلط ہے۔‘

نواز شریف کی جانب سے شہباز شریف وزارتِ عظمیٰ کے امیدوار نامزد

پاکستان مسلم لیگ ن نے وزارت عظمیٰ کے لیے پارٹی کے صدر شہباز شریف کو امیدوار نامزد کردیا ہے۔ 

پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے منگل کی شب اپنے ایکس اکاؤنٹ پر بتایا کہ ’پارٹی کے قائد محمد نواز شریف نے وزیراعظم کے عہدے کے لیے محمد شہباز شریف جبکہ پنجاب کی وزارتِ اعلٰی کے لیے مریم نوازشریف کو نامزد کیا ہے۔‘

 

شیئر: