جنرل باجوہ اور فیض حمید نے تمام جماعتوں کو عدم اعتماد لانے کا کہا: فضل الرحمان
جمعرات 15 فروری 2024 19:29
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ الیکشن میں دھاندلی کا فائندہ مسلم لیگ ن کو ہوا۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
جمیعت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی موو پاکستان پیپلز پارٹی چلا رہی تھی۔
’اس دوران اس وقت کے ڈی جی آئی ایس آئی جنرل فیض حمید میرے پاس آئے اور کہا کہ اگر آپ لوگ سسٹم کے اندر سے کچھ کرتے ہیں تو ہمیں اعتراض نہیں ہوگا۔ لیکن میں نے انکار کیا۔‘
مولانا فضل الرحمان کا سما ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں مزید کہنا تھا کہ ’پھر جب پی ٹی آئی کے لوگ، ایم کیو ایم اور باپ ٹوٹ ٹوٹ کر آئے تو کہا گیا کہ اب ہمارے پاس اکثریت ہے۔‘
جے یو آئی کے سربراہ کا مزید کہنا تھا کہ ’اس وقت اگر میں انکار کرتا تو کہا جاتا کہ فضل الرحمان عمران خان کو بچا رہے ہیں۔ عدم اعتماد سے متعلق جنرل فیض اور جرنل(ر) قمر جاوید باجوہ ہمارے ساتھ رابطے میں تھے۔‘
’جنرل باجوہ اور فیض حمید نے تمام جماعتوں کو عدم اعتماد کی تحریک لانے کا کہا۔‘
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ الیکشن میں دھاندلی کا فائندہ مسلم لیگ ن کو ہوا۔
’تاثر موجود ہے کہ نواز شریف کو لاہور کی سیٹ دی گئی ہے، پی ٹی آئی کے خلاف عدم اعتماد کے حق میں نہیں تھا۔‘
’2024 کے الیکشن چوری ہوئے ہیں کسی سے کچھ پوشیدہ نہیں۔ انتخابات میں دھاندلی کے خلاف سڑکوں پر احتجاج کریں گے۔‘
مولانا کا مزید کہنا تھا کہ انتخابی دھاندلی کے خلاف احتجاجی سیاست ہو گی، سڑکوں کو گرمائیں گے۔
’ 2018 میں بھی دھاندلی ہوئی تھی اور اب بھی دھاندلی ہوئی ہے۔‘
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اگر اسٹیبلشمنٹ سمجھتی ہے کہ الیکشن صاف اور شفاف ہوئے ہیں تو9 مئی کا بیانیہ دفن ہوگیا۔