Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

الیکشن کمیشن کی کمشنر راولپنڈی کے الزامات کی تردید، تحقیقات کا حکم

راولپنڈی کے کمشنر کے دھاندلی کے الزامات کی انکوائری کے لیے پنجاب حکومت نے حکم جاری کیا ہے۔ فائل فوٹو: اے پی پی
پاکستان کے الیکشن کمیشن نے راولپنڈی کے کمشنر کی جانب سے عام انتخابات میں دھاندلی کے الزامات کی تردید کی ہے جبکہ پنجاب کی نگراں حکومت نے انکوائری کرانے کا حکم دیا ہے۔
سنیچر کو جاری کیے گئے بیان کے مطابق الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ ’کسی عہدیدار نے الیکشن نتائج کی تبدیلی کے لیے کمشنر راولپنڈی کو کبھی کوئی ہدایات جاری نہیں کیں۔‘
بیان کے مطابق ’کسی بھی ڈویژن کا کمشنر نہ تو ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر، ریٹرننگ افسر یا پریذائڈنگ افسر ہوتا ہے اور نہ ہی الیکشن کے عمل میں اس کا کوئی براہ راست کردار ہوتا ہے۔ تاہم الیکشن کمیشن اس کی جلد از جلد انکوائری کرائے گا۔‘ 
دوسری جانب کمشنر راولپنڈی کی جانب سے عام انتخابات میں دھاندلی کے الزامات کا نوٹس لیتے ہوئے پنجاب کے نگراں وزیراعلی محسن نقوی نے غیر جانبدارانہ تحقیقات کا حکم دیا ہے۔
وزیراعلیٰ کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق محسن نقوی نے الزامات کی انکوائری کے لیے اعلی سطح کی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے۔
نگراں وزیراعلیٰ نے کہا کہ الزامات کی آزادانہ انکوائری کرائی جائے گی۔ اور کمشنر راولپنڈی کے الزامات کے حوالے سے اصل حقائق کو سامنے لایا جائے گا۔
راولپنڈی کے کمشنر لیاقت علی چھٹہ نے ایک پریس کانفرنس میں 13 امیدواروں کو دھاندلی سے الیکشن کے نتائج تبدیل کر کے جتوانے کا اعتراف کیا تھا۔

شیئر: