پی ایس ایل 9: سلطانز کی عمدہ بولنگ، کراچی کنگز کو 55 رنز سے شکست
پی ایس ایل 9: سلطانز کی عمدہ بولنگ، کراچی کنگز کو 55 رنز سے شکست
اتوار 18 فروری 2024 16:40
ملتان سلطانز کو پہلا نقصان اننگز کے آغاز میں ہی اٹھانا پڑ گیا جب محمد رضوان دوسرے اوور کی پہلی گیند پر میر حمزہ کا شکار بن گئے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن کے تیسرے میچ میں ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو 55 رنز سے شکست دے دی ہے۔
186 رنز کے تعاقب میں کراچی کنگز مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر صرف 130 رنز ہی بنا سکی۔ شعیب ملک 53، کیرون پولارڈ 28 ناٹ آؤٹ اور شان مسعود 30 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ ملتان سلطانز کی جانب سے محمد علی نے تین اور عباس آفریدی اور ڈیوڈ ولے نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
اتوار کو ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں ٹاس ہارنے کے بعد ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان کے 185 رنز بنائے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے ریزا ہینڈرکس 79 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ ڈیوڈ مالان نے 52 اور خوشدل شاہ نے 28 رنز بنائے۔
کراچی کنگز کی طرف سے بولنگ کرتے ہوئے ڈینئیل سیمز اور میر حمزہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
کراچی کنگز کی اننگز
کراچی کنگز نے 186 رنز کے تعاقب میں اننگز کا محتاط آغاز کیا لیکن ڈیوڈ ولے کا تیسرا اوور خاصا خطرناک ثابت ہوا اور انہوں نے جیمز وینس کو پانچ اور سعد بیگ کو صفر پر پویلین واپس بھیج دیا۔
ابتدائی دو وکٹیں گرنے کے بعد تجزبہ کار شعیب ملک میدان میں آئے اور شان مسعود کے ساتھ مل کر ٹیم کو سہارا دیا۔ دونوں بیٹرز نے کئی دلکش باؤنڈیاں لگائیں، خاص کر فاسٹ بولر شاہنواز دھانی پر کافی لاٹھی چارج کیا۔
شعیب اور شان کے درمیان 52 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی جس کے بعد وہ شان مسعود 30 رنز بنا کر اسامہ میر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
کراچی کے چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی شعیب ملک تھے وہ 35 گیندوں پر 53 رنز بنا کر عباس آفریدی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ اسی اوور میں عباس نے محمد نواز کو بھی کیچ آؤٹ کر دیا۔ وہ صرف سات رنز بنا سکے۔
اوپر تلے وکٹیں گرنے کا یہ سلسلہ جاری رہا اور میڈیم پیسر محمد علی نے ڈینئل سیمز کو صفر پر بولڈ کر دیا۔ اسی اوور میں حسن علی بھی صفر پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔
محمد علی نے اپنے آخری اوور میں بھی عمدہ بولنگ کرتے ہوئے میر حمزہ کو صفر پر آؤٹ کیا۔ کراچی کنگز کے چار کھلاڑی کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین روانہ ہوئے۔
ملتان سلطانز کی اننگز
ملتان سلطانز کو پہلا نقصان اننگز کے آغاز میں ہی اٹھانا پڑ گیا جب کپتان محمد رضوان دوسرے اوور کی پہلی گیند پر 11 کے انفرادی سکور پر میر حمزہ کا شکار بن گئے۔
پہلی وکٹ گرنے کے بعد ملتان سلطانز کے بیٹرز ڈیوڈ مالان اور رِیزا ہینڈرکس نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور دوسری وکٹ کے لیے 84 گیندوں پر 121 رنز کی شاندار شراکت قائم کی۔
اس پارٹنرشپ کے دوران دونوں بیٹرز نے میدان کے چاروں جانب شاٹس کھیلے اور رنز بنائے۔اس دوران دونوں بیٹرز نے نصف سینچریاں بھی مکمل کیں اور ٹیم کو مستحکم ٹوٹل کی طرف گامزن کیا۔
دوسری وکٹ کے لیے بننے والی اس طویل شراکت کو 17ویں اوور کی پہلی گیند پر ڈینیئل سیمز نے ختم کیا جب ڈیوڈ مالان 52 رنز پر عرفان خان نیازی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
اس میچ میں کپتان شان مسعود سمیت چھ کھلاڑیوں نے کراچی کنگز کے لیے اپنا پی ایس ایل ڈیبیو کیا۔
شان مسعود کے علاوہ کراچی کنگز کی پہلی مرتبہ نمائندگی کرنے والے کھلاڑیوں میں حسن علی، محمد نواز، سعد بیگ، ڈینیئل سیمز اور محمد عامر خان شامل تھے۔
کراچی کنگز کے لیے 2017 میں کھیلنے والے عظیم ٹی20 کھلاڑی کیرون پولارڈ ایک مرتبہ پھر ٹیم کا حصہ بن گئے ہیں۔