سعودی عرب کے دو امدادی طیارے سنیچر کو مصر کے العریش ایئرپورٹ پہنچے ہیں۔
سرکاری خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق دونوں طیاروں میں مصری ہلال احمر کو فراہم کی جانے والی دو ٹرانسپورٹ گاڑیاں اور دو فورک لفٹس ہیں۔
ان کی مدد سے غزہ کےلیے العریش ایئرپورٹ پہنچنے والے امدادی سامان کی منتقلی کے عمل کو آسان بنانے میں مدد ملے گی۔
واضح رہے شاہ سلمان امدادی مرکز کی جانب سے غزہ پٹی کے فلسطینی بھائیوں کی مدد کے لیے فضائی اور سمندری راستے سے امدادی مہم جاری ہے۔ اب تک 40 طیارے امدادی سامان لے کر العریش ائیرپورٹ پہنچ چکے ہیں۔
یہ اقدام سعودی عرب کے تاریخی کردار کے فریم ورک کے تحت ہے جو دنیا کے مختلف ممالک میں ضرورت مند اور متاثرہ افراد کی مدد کا حصہ ہے جو مختلف بحرانوں اور مصائب سے دوچار ہیں۔