سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے بدھ کو ریو ڈی جنیرو میں جی 20 وزرائے خارجہ کے اجلاس کے موقع پر امریکی ہم منصب انتونی بلنکن سے ملاقات کی ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے غزہ میں پیش رفت اور بحران کے حل کےلیے جاری کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔
قبل ازیں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے ریو ڈی جنیرو میں جی 20 اجلاس کے موقع پر کہا کہ ’جی 20 ممالک کی ذمہ داری ہے کہ وہ غزہ میں ہونے والی تباہی کے خاتمے کےلیے فیصلہ کن کارروائی کریں جس سے علاقائی امن و خوشحالی کے ساتھ عالمی اقتصادی استحکام کو بھی فوری خطرات لاحق ہیں۔‘
انہوں نے غزہ کی پٹی میں ہونے والے مظالم کی مذمت کی اہمیت کا بھی اعادہ کیا۔