جدہ میں فرانسیسی اور عربی گانوں کا ’فرانکوفونی‘ فیسٹیول
جدہ میں فرانسیسی اور عربی گانوں کا ’فرانکوفونی‘ فیسٹیول
منگل 27 فروری 2024 17:44
معروف موسیقار حاضرین کو سرحدوں سے ماورا موسیقی کی دنیا میں لے گئے۔ فوٹو عرب نیوز
فرانسیسی ۔مصری اوپیرا گلوکارہ فرح الدیبانی نے جدہ میں ’فرانکوفونی‘ فیسٹیول کا آغاز کیا جس میں عرب لیجنڈز فیروز اور دالیدہ سمیت فرید العطرش کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
عرب نیوز کے مطابق قدیم مصریوں کے سفید اور سنہری رنگ کے لباس میں الدیبانی کے ساتھ عرب دنیا کے معروف موسیقار حاضرین کو سرحدوں اور ثقافتوں سے ماورا موسیقی کی دنیا میں لے گئے۔
اس موقع پر فرح الدیبانی نے عربی کلاسیکی گلوکاری کے علاوہ اپنی معروف فرانسیسی دھنوں کا بھی انتخاب کیا۔
ثقافتی تبادلے اور تعاون کے جذبے کو آگے بڑھانے کے لیے ’فرانکوفونی‘ فیسٹیول کی تعریف کرتے ہوئے الدیبانی نے کہا کہ میں پہلی بار جدہ آنے پر بہت خوش ہوں۔
جدہ میں تعینات فرانسیسی قونصل جنرل محمد نھاد نے گلوکارہ کی پرفارمنس سے قبل اس خاص فیسٹیول کی اہمیت کے بارے میں آگاہ کیا۔
قونصل جنرل نے کہا کہ اس تہوار کا مقصد فرانسیسی زبان کا فروغ اور مملکت کے ساتھ تعلیمی، ثقافتی اور کاروباری تعلقات کو آگے بڑھانا ہے۔
محمد نھاد نے بتایا کہ فرانکوفون ثقافتی تبادلے کے لیے ایک بہترین مثال ہےاور اس فیسٹیول کے انعقاد سے ہم یہ عام لوگوں میں مقبول بنا رہے ہیں۔
جدہ میں ہونے والی اس پروقار تقریب میں فرانسیسی تارکین وطن اور ثقافت سے منسلک شائقین کےعلاوہ دیگر سفارت کاروں، سعودی حکام اور مقامی شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب میں موجود الائنس فرانکیز جدہ کے ڈائریکٹر لیری لامارٹینیئر نے مملکت میں ماہانہ موئس ڈی لا فرانکوفونی 2024 کے آغاز پر فرح الدیبانی کی گلوکاری کو سراہا۔
لیری لامارٹینیئر نے بتایا کہ فرانسیسی سفارت خانہ اور الائنس فرانسیس سعودی عرب فرانسیسی بولنے والے دیگر ممالک کے ساتھ مارچ میں فرانکوفونی ثقافت سے متعلق متعدد تقریبات کا اہتمام کریں گے۔
سعودی عرب میں یہ فیسٹیول ثقافتی تبادلے اور تعلیم کے لیے ایک پلیٹ فارم کے طور پر کام کرتا ہے۔ اس تہوار کا مقصد دنیا بھر میں فرانسیسی بولنے والی قوموں میں ثقافتی تعلقات اور انسانی ترقی کو فروغ دینا ہے۔
فرانسیسی یونیورسٹی گریجویٹس کی نائٹ سمیت مزید کئی پروگراموں کے دورانالائنس فرانکیز 29 فروری کو بچوں کی ایک ورکشاپ کی میزبانی کرے گی۔
سینیگال کے قونصل خانے میں بات چیت اور ثقافتی تبادلے ہوں گے، فرانکوفونی فیسٹیول میں مختلف پکوان، لباس اور لوک رقص کے علاوہ مختلف سکولوں، قونصل خانوں اور فرانسیسی کلبوں میں فلمیں دکھائی جائیں گی۔