Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض کے انٹرنیشنل اوپیرا تھیٹر میں سعودی گلوکارہ پرفارم کریں گی

خیران الزہرانی اور مصطفی شیرہ بھی اوپیرا کے سٹیج پر اپنی پرفارمنس دکھائیں گے۔ فوٹو انسٹاگرام
ریاض بلیوارڈ میں 18 تا 20 جون ہونے والے اوپیرا فیسٹیول کو مملکت میں اپنی نوعیت کا پہلا انٹرنیشنل  اوپیرا ایونٹ قرار دیا جا رہا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق اس ایونٹ میں معروف سعودی اوپیرا گلوکارہ دیگر سعودی گلوکاروں اور بین الاقوامی فنکاروں کے ساتھ مل کر سٹیج پر اپنی پرفارمنس دکھائیں گی۔
بین الاقوامی اوپیرا فیسٹیول میں حصہ لینے والے دنیا  کے دیگر ممالک کے فنکاروں کے گروپ میں آسٹریلیا کی گلوکارہ  ڈینیئل ڈی نیس شامل ہیں، ان کے علاوہ  آرمینا کے گلوکار جارج ہیکوبین اور مالٹا سے تعلق رکھنے والے جوزف کالیجا بھی شرکت کر رہے ہیں۔
اس ایونٹ میں سعودی پروفیشنل اوپیرا سنگر سوسن البھیتی اپنے فن کا مظاہرہ کریں گی جو مملکت کے پہلی اوپیرا گلوکارہ ہیں، خیران الزہرانی اور مصطفی شیرہ بھی سٹیج پر ان کے ہمراہ ہوں گے۔
فیسٹیول کے دوران ریاض  بلیوارڈ کے ابو بکر سالم تھیٹر میں ہونے والے ایونٹ میں دو گھنٹے کی پرفارمنس میں ایک سعودی اور ایک بین الاقوامی گلوکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔
ابتدائی روز مالٹا کے گلوکار جوزف کالیجا کے ساتھ سعودی گلوکارہ سوسن البھیتی مختلف قسم کی کلاسک اوپیرا پرفارم کریں گی۔

سعودی گلوکارہ سوسن البھیتی ابتدائی روز  کلاسک اوپیرا پرفارم کریں گی۔ فوٹو انسٹاگرام

سعودی وزارت ثقافت نے اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک پیغام پوسٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مملکت میں پہلی بار بین الاقوامی اوپیرا فیسٹیول کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس میں سعودی، بین الاقوامی اور عرب موسیقار شرکت کریں گے۔
ریاض میں ہونے والے اس فیسٹیول میں کلاسک اوپیرا سے متعلق آرٹ، فیشن اور تاریخی موسیقی کے آلات سمیت دیگر اشیاء کی نمائش بھی شامل ہے۔
ایونٹ میں  زائرین کو اوپیرا میوزک کی نایاب ریکارڈنگز سننے کے ساتھ ساتھ  دنیا بھر کے چند سرفہرست اوپیرا مقامات کے بارے میں جاننے کا موقع بھی میسر آئے گا۔

فیسٹیول فنون سے متعلق شعبوں میں تجربات فراہم کرنے کی عکاسی کرتا ہے۔ فوٹو عرب نیوز

فیسٹیول میں موجود  گائیڈ آنے والوں کے سوالات کے جوابات دیں گے اور زائرین کو وہاں موجود اشیاء، معروف فنکاروں اور عمومی طور پر اوپیرا کی دنیا کے بارے میں مزید معلومات فراہم کرنے کریں گے۔
علاوہ ازیں تعلیمی ورکشاپس کا انعقاد بھی کیا جائے گا جس میں اوپیرا سے متعلق مختلف موضوعات شامل ہیں جن میں گانے، فن کی تاریخ، ووکل آپریٹک آرٹ کے میکنزم کی تھیوری اور پریکٹس، آرکسٹرا، پیانو اور موسیقی کے مختلف  آلات کی تاریخ شامل ہے۔

زائرین کو معروف فنکاروں اور اوپیرا کے بارے میں معلومات فراہم ہوں گی۔ فوٹو ٹوئٹر

یہ فیسٹیول فنون سے متعلقہ مختلف شعبوں میں وژن2030 کے تحت بین الاقوامی تقریبات کی میزبانی کے ذریعے نئی ثقافتی راہیں کھولنے اور بھرپور تجربات فراہم کرنے کی عکاسی کرتا ہے۔
اس فیسٹیول کے لیے 12 سال سے زائد عمر کے افراد کے لیے ویب سائٹ ticketMX.com پر آن لائن ٹکٹ دستیاب ہیں، اس کی قیمت 345 ریال رکھی گئی ہے۔
 

شیئر: