مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف پاکستان کے 24ویں وزیراعظم منتخب ہو گئے ہیں۔
شہباز شریف ملک کے مسلسل دوسری بار بننے والے وزیراعظم بن گئے ہیں۔ اس سے قبل بے نظیر بھٹو دو مرتبہ وزیراعظم کے عہدے پر فائز رہیں تاہم ان کے دونوں ادوار کے درمیان نواز شریف وزیراعظم منتخب ہوئے تھے۔
شہباز شریف مسلم لیگ (ن) کے قائد اور تین مرتبہ وزیراعظم پاکستان رہنے والے میاں نوازشریف کے چھوٹے بھائی ہیں۔
مزید پڑھیں
-
مریم نواز کی تقریر: ’وزیراعظم کے منصب کی تیاری کر کے آئی ہیں‘Node ID: 839836
گورنمنٹ کالج لاہور سے گریجویشن کے بعد کاروباری اور عملی سیاست میں ان کا کیرئیر چار دہائیوں پر مشتمل ہے۔ شہباز شریف 1985 میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر بنے۔
1985 میں نواز شریف کی انتخابی مہم چلانے کے دوران وہ میدان سیاست میں اترے اور پہلی مرتبہ 1988 میں پنجاب اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔ وہ 1990 سے 93 تک قومی اسمبلی کے رکن رہے۔ 1993 میں پنجاب اسمبلی کے رکن بنے اور 1996 تک صوبائی اپوزیشن لیڈر رہے۔ 1997 میں تیسری مرتبہ پنجاب اسمبلی کے رکن بنے اور وزیراعلٰی منتخب ہوئے۔
یہ اسمبلی 1999 میں تحلیل ہو گئی، شہباز شریف گرفتار ہوئے، بعد میں انہیں جلا وطنی کا سامنا کرنا پڑا۔ شہباز شریف 2008 میں چوتھی مرتبہ پنجاب اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور 8 جون 2008 سے 26 مارچ 2013 تک دوسری مرتبہ وزیراعلٰی پنجاب خدمات سرانجام دیتے رہے۔ مئی 2013 کے عام انتخابات میں مسلم لیگ ن بھاری مینڈیٹ کے ساتھ پھر اقتدار میں آئی۔
شہباز شریف صوبائی اسمبلی کی تین نشستوں (پی پی 159، پی پی 161، پی پی 247) اور قومی اسمبلی کی ایک نشست (این اے 129) پر کامیاب قرارپائے۔ انہوں نے پی پی 159 کی نشست برقرار رکھی اور ریکارڈ تیسری مرتبہ وزیراعلٰی پنجاب منتخب ہوئے۔
