Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

محمود اچکزئی کے گھر ’چھاپے‘ کے خلاف پشتونخوا میپ کا ملک گیر احتجاج کا اعلان

عبدالرحیم زیارتوال کا کہنا تھا کہ تاریخ گواہ ہے کہ ہم آئین ‘ قانون کی بالادستی کے سوا کسی ڈکٹیٹر کے حامی نہیں رہے۔
پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے کہا ہے کہ پارٹی کے سربراہ اور نو منتخب ایم این اے محمود اچکزئی کے کوئٹہ میں گھر پر چھاپہ مارا گیا ہے اور چادر اور چاردیواری کے تقدس کو پامال کیا گیا۔
 پی کے میپ کے رہنماعبدالرحیم زیارتوال کا صوبائی صدر عبدالقہار خان ودان اور دیگر کے ہمراہ کوئٹہ میں پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ پشتونخوا میپ کے چیئرمین محمود خان اچکزٸی کے گھر پر چھاپےاورچادر و چاردیواری کی پامالی کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اسمبلی میں تقریر کے جواب میں محمود خان اچکزئی کے گھر پر چھاپہ مارا گیا ہے۔
تاہم سابق نگراں وزیراطلاعات جان اچکزئی نے چھاپے کی تردید کی اور کہا کہ اچکزئی کے گھر کے ساتھ قبضے کی زمین کو واگزار کرنے کے لیے کارروائی کی گئی ہے۔
عبدالرحیم زیارتوال کا کہنا تھا کہ تاریخ گواہ ہے کہ ہم آئین ‘ قانون کی بالادستی کے سوا کسی ڈکٹیٹر کے حامی نہیں رہے۔
 ’محمود خان اچکزئی صدر پاکستان کے امیدوار ہیں ان کے گھر پر چھاپے کا مقصد سب کو معلوم ہے۔ وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ کے پہلے دن ہمیں جمہوریت کا ساتھ دینے کی پاداش میں تحفہ دیا گیا ہے۔‘
عبدالرحیم زیارتوال نے کہا کہ محمود خان اچکزئی کے گھر پر حملے کے بعد پارٹی کے کارکنوں کے کاروبار کو سیل کیا گیا ہے۔ ’ایئرپورٹ روڈ پر شورم اور پمپ کو بھی سیل کیا گیا۔‘
انہوں نے اعلان کیا کہ چھاپے کے خلاف کل دوپہر تین بجے ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔
’محمود خان اچکزئی کی تقریر کے بعد ریاستی اداروں کو ان کارروائیوں کا خیال آیا ہے۔ ہمیں اطلاع تھی کے محمود خان کے گھر یا ان کے بچوں پر منشیات کا کیس ڈال کر گرفتار کیا جاسکتا ہے۔‘

کسی بھی سیاسی شخصیت کے گھر پر چھاپہ نہیں پڑا ہے: جان اچکزئی

 دوسری جانب سابق نگران صوبائی وزیر جان اچکزئی نے پریس میں دعویٰ کیا کہ کوئٹہ میں گورنمنٹ نے قبضہ مافیا کے خلاف کاروائیاں  شروع کی ہے۔
’ضلعی اتظامیہ نے محمود خان اچکزئی کے گھر کے ساتھ جو زمین تھی وہ واگزار کروائی۔ زمین کی رکھوالی کرنے والے ایک بندے نے مزاحمت کی جس پر اس کو گرفتار کیا گیا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ محمود خان اچکزئی کے گھر کی چادر اور چار دیواری کی پامالی نہیں ہوئی۔
’قبضہ مافیا کے خلاف کارروائیاں بلا تفریق  جاری رہے  گی۔ کسی بھی سیاسی شخصیت کے گھر پر نا چھاپہ پڑا ہے اور نا ایسا ہوگا۔
جان اچکزئی کا کہنا تھا کہ کسی کی بھی زمین پر قبضہ ہوا ہے اس کے خلاف بلا تفریق کاروائی ہوگی۔

شیئر: