Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسرائیل کے حق میں پوسٹ لگانے کے 10 دن بعد ایم ایم اے فائٹر روئس گریسی نے اسلام قبول کر لیا

اسرائیل کے حق میں پوسٹ لگانے کے بعد یو ایف سی چیمپیئن پر فلسطین کے حامی صارفین کی جانب سے شدید تنقید کی گئی تھی (فوٹو: وکی پیڈیا)
مشہور مکسڈ مارشل آرٹسٹ اور برازیلین جیو جٹسو لیجنڈ روئس گریسی نے اسلام قبول کر لیا ہے۔
ویب سائٹ ’مڈل ایسٹ مانیٹر‘ کے مطابق روئس گریسی نے مسلمان یوٹیوبر ایڈی ریڈزووِچ اور عالم دین شیخ عثمان ابن فاروق سے ملاقات کے بعد اسلام قبول کیا۔
یوٹیوبر ایڈی ریڈزووِچ بھی برازیلین جیو جٹسو میں بلیک بیلٹ رہ چکے ہیں۔
جمعے کو ریڈزووِچ کے دین شو کی ریلیز ہونے والی قسط میں یو ایف سی کے تین مرتبہ کے چیمپیئن روئس گریسی نے اسلام، غزہ میں جنگ اور مکہ مکرمہ جانے کے بارے میں بات کی۔
حیران کن طور پر روئس گریسی نے اسلام قبول کرنے سے 10 دن قبل فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اسرائیل کے حق میں پوسٹ لگائی تھی جو کے ابھی تک ڈیلیٹ نہیں کی گئی۔
اس پوسٹ کے بعد یو ایف سی چیمپیئن پر فلسطین کے حامی صارفین کی جانب سے شدید تنقید کی گئی تھی۔
اس پوسٹ کے بعد ایڈی ریڈزووِچ کے کزن اور برازیلین جیو جٹسو کے بلیک بیلٹ ادریز ریڈزووِچ نے روئس گریسی کے ساتھ دین سینٹر میں ملاقات رکھی۔
ادریز ریڈزووِچ نے کہا کہ ’اس سے پہلے کے سب لوگ آئیں اور روئس گریسی کی گزشتہ ہفتے کی اسرائیل کے حق میں پوسٹ پر اُن سے نفرت کریں، میں بتاتا چلوں کہ انہوں نے شو میں شرکت کی جہاں انہیں تنازع کا دوسرا رخ یعنی فلسطین کے  بارے میں بتایا گیا۔ اُنہوں نے آخر میں اسلام قبول کر لیا۔‘

شیئر: