ملتان سلطانز کو دوسری شکست، پشاور زلمی نے چار رنز سے میدان مار لیا
23 فروری کو کھیلے گئے پہلے میچ میں پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو پانچ رنز سے شکست دی (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن کے 21ویں میچ میں پشاور زلمی نے دلچسپ مقابلے کے بعد ملتان سلطانز کو چار رنز سے شکست دے دی۔
منگل کو راولپنڈی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 204 رنز بنائے۔
جس کے تعاقب میں ملتان سلطانز کی ٹیم مقررہ اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 200 رنز ہی بنا سکی۔
پی ایس ایل کے رواں سیزن میں ملتان سلطانز کی یہ دوسری شکست ہے۔
اس سے قبل ملتان سلطانز نے 23 فروری کو ملتان سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بھی پشاور زلمی سے شکست کا سامنا کیا تھا۔
ملتان سلطانز کی اننگز
ملتان سلطانز نے ہدف کے تعاقب کا آغاز کیا تو پہلی وکٹ کا نقصان چوتھے اوور میں ریزا ہینڈرکس کی صورت میں اٹھانا پڑا۔
وہ 10 گیندوں پر صرف پانچ رنز بنا کر مہران ممتاز کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
محمد رضوان اچھی پرفامنس دکھانے کی کوشش میں نظر آئے لیکن قسمت نے ان کا ساتھ نہ دیا۔
ایک چھکے اور دو چوکوں کی مدد سے انہوں نے 32 رنز بنائے ہی تھے کہ رن آؤٹ ہوگئے۔
اس کے بعد ڈیوڈ میلان 19، طیب طاہر 26 اور خوشدل شاہ 11 رنز بنا کر چلتے بنے۔
افتخار احمد کریز پر اترے تو چوکوں اور چھکوں کی برسات کر دی۔
افتخار احمد اور کرس جارڈن کی جارحانہ اننگز نے ملتان سلطانز کو جیت کی دہلیز تک تو پہنچا لیکن بقایا اوورز نے ساتھ نہ دیا۔
افتخار احمد نے چار چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے 60 جبکہ کرس جارڈن نے دو چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 30 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔
پشاور زلمی کی جانب سے عامر جمال دو جبکہ نوین الحق اور مہران ممتاز ایک ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
پشاور زلمی کی اننگز
پشاور زلمی کے اوپنرز نے جارحانہ آغاز کیا۔ صائم ایوب اور بابر اعظم نے 78 رنز کی شراکت داری میں سکور بنائے۔
زلمی کو پہلا نقصان صائم ایوب کی صورت میں اس وقت ہوا جب وہ اسامہ میر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
صائم ایوب نے پانچ چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 46 رنز بنائے۔
ون ڈاؤن بیٹنگ کے لیے آنے والے ٹام کولر کیڈ مور کو ملتان سلطانز جلد پویلین بھیجنے میں کامیاب ہوئی۔
ٹام کولر کیڈ مور نو گیندوں پر پانچ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد طویل اننگز کھیلنے والے کپتان بابر اعظم کی وکٹ بھی اسامہ میر کے حصے میں آئی۔
بابر اعظم دو چھکوں اور سات چوکوں کی مدد سے 64 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔
آصف علی 11 اور حسیب اللہ خان 31 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ جبکہ رومن پاؤل 23 اور عامر جمال 11 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے اسامہ میر تین اور کرس جورڈن دو وکٹیں سمیٹنے میں کامیاب ہوئے۔
ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کا آپس میں رواں سیزن کا یہ دوسرا میچ تھا۔
اس سے قبل 23 فروری کو کھیلے گئے پہلے میچ میں پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو پانچ رنز سے شکست دی تھی۔