اسلام آباد یونائیٹڈ نے نہ کہ صرف پشاور زلمی سے فتح چھینی بلکہ پوائنٹس ٹیبل کی تیسری پوزیشن بھی اپنے نام کر دی۔
اب پوائنٹس ٹیبل پر پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ سات، پوائنٹس کے ساتھ تیسرے اور چوتھے نمبر پر ہیں۔
پشاور زلمی کی اننگز
پشاور زلمی نے ہدف کے تعاقب کا آغاز کیا تو بیٹنگ لائن لڑ کھڑا گئی۔ اوپنر صائم ایوب اور بابر اعظم پہلے اوور کی چوتھی اور چھٹی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
اس کے بعد محمد حارث بھی صرف ایک رنز بنا کر تیسرے اوور کی پہلی گیند پر چلتے بنے۔
ٹام کولر کیڈ مور 12 رنز اور رومن پاؤل صفر پر آؤٹ ہوگئے۔ یوں چھ اوورز میں آدھی ٹیم پویلین روانہ ہوگئی۔
اس کے بعد پاؤل ولٹر اور عامر جمال نے نہ صرف جارحانہ بیٹنگ کہ بلکہ تیزی سے گرتی ہوئی وکٹوں کو بھی بچایا۔
دونوں بلے بازوں نے 100 سے زائد رنز کی پارٹنر شپ میں سکور بنائے۔
پاؤول ولٹر 37 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ عامر جمال نے چھ چھکوں اور آٹھ چوکوں کی مدد سے 87 رنز بنائے۔ انہوں میچ کی کایہ پلٹنے کے لیے پوری جان لگائی لیکن ناکام رہے۔ عامر جمال 18ویں اوور میں شاداب خان کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔
لُوک وڈ دو اور محمد ذیشان صفر رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ سلمان ارشاد تین اور عارف یعقوب نو رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے شاداب خان تین، نسیم شاہ ایک جبکہ رومان رئیس اور حنین شاہ دو دو وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی اننگز
اسلام آباد یونائیٹڈ کا آغاز تو مایوس کن رہا لیکن شاداب خان، آغا سلمان، اعظم خان اور جارڈن کاکس کی عمدہ بلے بازی کی بدولت ٹیم ایک اچھا ہدف دینے میں کامیاب ہوئے۔
اوپنر الیکس ہیلز میچ کی پہلی گیند پر ہی وکٹ گنوا بیٹھے۔
کولن منرو بھی اچھی کارگردگی دکھانے میں ناکام رہے وہ دوسرے اوور میں صائم ایوب کی گیند پر بابر اعظم کے ہاتھوں میں کیچ تھما بیٹھے۔
اس کے بعد آغا سلمان نے دو چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 37 رنز بنائے۔
انہوں نے شاداب خان کے ساتھ 50 سے زائد رنز کی پارٹنرشپ کے بعد سلمان ارشاد کی گیند پر وکٹ کیپر محمد حارث کو کیچ پکڑا دیا۔
شاداب خان نے چھ چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 80 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ وہ لُوک وڈ کی گیند پرآؤٹ ہوئے۔
پشاور زلمی کی جانب سے صائم ایوب دو جبکہ سلمان ارشاد اور لُوک وڈ ایک ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔