شاہی مہمانوں کے چوتھے گروپ کے ارکان کی مدینہ منورہ آمد
شاہی مہمانوں کے چوتھے گروپ کے ارکان کی مدینہ منورہ آمد
بدھ 6 مارچ 2024 21:42
گروپ میں پاکستان سمیت 16 ممالک کے مہمان شامل ہیں(فوٹو، ایس پی اے)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی ضیافت میں مختلف ممالک سے عمرہ کے لیے آنے والے مہمانوں کا چوتھے گروپ کا پہلا قافلہ مدینہ منورہ پہنچ گیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کےمطابق شاہی مہمانوں کے چوتھے گروپ میں پاکستان ، بنگلہ دیش ، ترکیہ ، نیپال، کوسوا، قرغستان، ترکمنستان، نیوزی لینڈ ، طاجکستان ، روس ، آذربیجان ، انڈیا ، سری لنکا ، اسٹریلیا اور یورپ کے مہمان شامل ہیں ۔
شاہی ضیافت میں آنے والے چوتھے گروپ کے مہمانوں کی مجموعی تعداد 250 ہے ۔ مہمانوں کا استقبال مدینہ منورہ کے شہزادہ محمد بن عبدالعزیزانٹرنیشنل ایئرپورٹ پر وزارت اسلامی امور کے اعلی عہدیداروں نے کیا۔
مہمانوں کو ایئرپورٹ سے انکی قیام گاہ پر لے جایا گیا جہاں کچھ دیر آرام کرنے کے بعد وہ مسجد نبوی گئے۔
مہمانوں کو مدینہ منورہ میں مختلف مقامات کی زیارت کرانے کے بعد انہیں مکہ مکرمہ لایا جائے گا جہاں وہ عمرہ کی سعادت حاصل کریں گے بعدازاں مکہ مکرمہ میں موجود اہم مقامات کی زیارت کرنے کے بعد اپنے ملکوں کو روانہ ہوجائیں گے۔