پنجاب کابینہ: مریم نواز اور شہباز شریف کے وزرا میں کیا فرق ہے؟
بڑے ایوانوں میں ’مفاہمت کے بادشاہ اور گرو کا راج‘ استحکام لا سکے گا؟
کبھی سوچا نہ تھا کہ ایم این اے بنوں گی: سبین غوری
-----------------------------------------------------------------------
وزیرِاعظم کی صدارتی انتخابات میں آصف علی زرداری کی حمایت کا اعادہ
وزیرِاعظم شہباز شریف نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے اتحادی جماعتوں کے سربراہان و قائدین، سینیٹرز اور منتخب ارکان کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے میں شرکت کی ہے۔
انہوں نے آصف علی زرداری کی صدارتی انتخابات میں مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔
محمود خان اچکزئی کا اراکین پارلیمنٹ کے اعزاز میں عشائیہ
سنی اتحاد کونسل کے صدارتی امیدوار محمود خان اچکزئی کی جانب سے اراکین پارلیمنٹ کے اعزاز میں اسلام آباد کلب میں عشائیہ دیا گیا ہے۔
پیپلز پارٹی کی مولانا فضل الرحمان سے صدارتی انتخاب میں تعاون کی درخواست
پاکستان پیپلز پارٹی نے مولانا فضل الرحمان سے صدارتی انتخاب میں تعاون کی درخواست کی ہے۔
جمعے کو جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے پیپلز پارٹی کے وفد نے یوسف رضا گیلانی کی قیادت میں ملاقات کی۔
پیپلز پارٹی کے وفد میں راجہ پرویز اشرف، خورشید شاہ اور نوید قمر شامل تھے۔
جے یو آئی کے مولانا عبدالغفور حیدری، حاجی غلام علی، انجینیئر ضیا الرحمان، اسلم غوری، مولانا عبدالواسع اور مفتی روزی خان بھی ملاقات میں شریک تھے۔
نیشنل پارٹی کا صدارتی انتخاب میں آصف علی زرداری کی حمایت کا اعلان
بلوچستان کے سابق وزیراعلٰی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی جماعت نیشنل پارٹی نے صدارتی انتخاب میں آصف علی زرداری کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔
جمعے کو کوئٹہ میں پاکستان پیپلز پارٹی اور نیشنل پارٹی کی قیادت کے درمیان رابطہ اور سیاسی مذاکرات ہوئے۔
مذاکرات میں بلوچستان کے مسائل کو سیاسی حکمت عملی اپناتے ہوئے حل کرنے، لاپتہ افراد کی بازیابی کو یقینی بنانے سمیت متعدد نکات پر اتفاق کیا گیا۔
دونوں جماعتوں کی طویل سیاسی مشاورت نیشنل پارٹی نے صدر پاکستان کے منصب کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کے سربراہ آصف علی زرداری کی مکمل حمایت کا اعلان کر دیا۔
نیشنل پارٹی کے رکن قومی اسمبلی، سینٹرز اور ممبران صوبائی اسمبلی صدر پاکستان کے لیے آصف علی زرداری کو ووٹ کریں گئے۔
معاشی استحکام کے لیے چارٹر آف اکانومی کیا جائے: اسحاق ڈار کی سینیٹ میں الوداعی تقریر
مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کہا کہ نوازشریف کہہ چکے ہیں کہ تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ سینیٹ میں مسلسل احتجاج کی روایت سے دنیا میں اچھا تاثر نہیں جاتا۔
جمعے کو سینیٹ میں الوداعی تقریر کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ ’ معاشی استحکام کے لیے چارٹر آف اکانومی کیا جائے ۔ چارٹر آف ڈیموکریسی اور چارٹر آف اکانومی وقت کی ضرورت ہے ۔ معاملات افہام و تفہیم سے آگے چلتے ہیں۔ ہماری ذاتی دشمنیاں نہیں ہونی چاہئیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ 2013 میں ملک دیوالیہ ہونے جارہاتھا۔ اس کے بعد ن لیگ کی حکومت آئی، ملک کی جی ڈی پی بڑھی ،مہنگائی کم ہوئی، پھر ملک کو کس کی نظر لگ گئی، کس کی سازش تھی۔‘
سابق وزیرخزانہ کا مزید کہنا تھا کہ ’ ملک کو اکیلے کوئی جماعت طاقت ور نہیں بنا سکتی، ہم سب کو مل کرکام کرنا ہوگا۔ مشاہد حسین جانتے ہیں ہم نے کیسے ایف 16 کے پیسے واپس لیے تھے ۔ میں آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرنے کا عادی ہوں ۔‘
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ’ جب ملک معاشی ترقی کرنے لگتا ہے معلوم نہیں کیوں کوئی ٹانگ کھینچ لیتا ہے ۔‘
سینیٹر فیصل سلیم آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے پارلیمنٹری بورڈ کے رکن منتخب
پاکستان کے ایوان بالا کے رکن سینیٹر فیصل سلیم آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے پارلیمنٹری بورڈ کے رکن منتخب کر لیے گئے ہیں۔
یہ انتخاب پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار عمل میں آیا ہے۔
دنیا بھر کے 140 ممالک پارلیمنٹری نیٹ ورک آن آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے رکن ہیں۔
پارلیمنٹ نیٹ ورک غربت کے مکمل خاتمے، معاشی استحکام اور اصلاحات کے حوالے سے سفارشات مرتب کرتا ہے۔
پسند ناپسند کو دفن کر کے پاکستان کے مفاد میں اکٹھے ہوں: وزیراعظم شہباز شریف
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم ذاتیات سے بالاتر اور پسند اور ناپسند کو دفن کر کے پاکستان کے عظیم تر مفاد کی خاطر اکٹھے ہوں تو 76 سال کے نقصان کا ازالہ کر سکتے ہیں۔
سرکاری خبر رساں ادارے ریڈیو پاکستان کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے یہ بات جمعے کو پاکستان کے زیرِانتظام کشمیر کے دورے کے موقعے پر کہی۔
شہباز شریف نے کشمیر میں بارشوں ارو برف باری کے متاثرین کی مالی مدد کا اعلان بھی کیا اور کہا کہ ’وفاقی حکومت کی جانب سے آزاد کشمیر میں بارشوں اور برف باری کے متاثرین کو 13 مارچ تک معاوضہ ادا کر دیا جائے گا۔‘
اس موقعے پر وزیراعظم شہبازشریف نے شدید بارشوں اور برف باری میں ہلاک ہونے والے افراد کے لواحقین میں امدادی چیک بھی تقسیم کیے۔
قبل ازیں پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوار الحق نےبتایا کہ برف باری سے کشمیر میں 8 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 88 گھر مکمل طور پر تباہ ہوئے ۔ 281 گھروں اور 26دکانوں کو جزوی نقصان پہنچا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ ’وزیراعظم آزاد کشمیر نے برف باری اور بارشوں میں متاثرین کی فوری امداد کے لیے ہیلی کاپٹر کا جائز مطالبہ کیا ہے ۔ اس کے لیے این ڈی ایم اے فوری طور پر ہیلی کاپٹر فراہم کرے گا۔‘
آئی ایم ایف نئی کابینہ کی تشکیل کے بعد دوسرے جائزے کے لیے مشن بھیجے گا
آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ پاکستان میں سٹینڈ بائی پروگرام کے دوسرے جائزے کے لیے نئی کابینہ کی تشکیل کے بعد مشن بھیجا جائے گا۔
واضح رہے کہ حکومتی اتحاد کو فی الحال وزیر خزانہ کا انتخاب کرنا ہے جسے فوری طور پر بین الاقوامی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) سے نئے بیل آؤٹ پیکج کے لیے مذاکرات کرنا ہوں گے۔ آئی ایم ایف کے ساتھ موجودہ معاہدہ 11 اپریل کو ختم ہو رہا ہے جس کے بعد ایک اور بیل آؤٹ پرگرام کی ضرورت ہو گی۔
آئی ایم ایف کی ڈائریکٹر کمیونیکیشن جیولی کوزیک نے واشنگٹن میں پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ سٹینڈ بائی ارینجمنٹ کی تکمیل ترجیح ہے۔
ڈائریکٹر کمیونیکیشن نے کہا کہ ’معاشی استحکام کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان کی نئی حکومت کے ساتھ پالیسیوں پر کام کرنے کے منتظر ہیں۔‘
آئی ایم ایف کی ڈائریکٹر کمیونیکیشن نے پاکستان کی سیاسی صورت حال پر تبصرے سے گریز کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’پاکستانی عوام کی بھلائی کے لیے معاشی استحکام کی خاطر حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔‘
ان کے مطابق سٹینڈ بائی ارینجمنٹ کے تحت پاکستان کو 1.9 ارب ڈالر مل چکے ہیں۔
--------------------------------------------------------------------------
پنجاب اسمبلی میں ارکان نے مخصوص نشستوں پر حلف اٹھا لیا
پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن کے شور شرابے میں مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان نے حلف اٹھا لیا۔
اپوزیشن کے شور شرابے کے دوران سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد حمد خان نے ارکان کا حلف جاری رکھا۔
--------------------------------------------------------------------------
پنجاب اسمبلی میں کل صدر کے انتخاب کے لیے پولنگ ہوگی
پنجاب اسمبلی میں صدارتی انتخاب کے لیے پولنگ کا عمل صبح دس سے شام چار بجے تک جاری رہے گا۔
الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی کے ایوان کو کل کے لیے پولنگ اسٹیشن قرار دے دیا ہے۔
ارکان اسمبلی کے نام بطور ووٹر انتخابی فہرست میں انگریزی حروف تہجی کی ترتیب سے شامل کیے گئے ہیں۔
ارکان اسمبلی کو ووٹ کے لیے اسمبلی کے جاری کردہ شناختی کارڈ کے ساتھ ایوان میں داخلے کی اجازت دی جائے گی۔
-------------------------------------------------------------------------