غزہ میں خواتین کو ترجیحی بنیادوں پر تحفظ فراہم کیا جائے: او آئی سی
تمام شعبہ ہائے زندگی میں خواتین کے حقوق کو یقینی بنایا جائے (فوٹو: سبق)
اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طہ نے خواتین کے عالمی دن پرغزہ میں خواتین کو ترجیحی بنیادوں پر تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
سبق ویب کے مطابق او آئی سی کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ’ 8 مارچ خواتین کی کامیابیوں کے اعتراف کے علاوہ مساوات اور شمولیت پر مبنی مستقبل کے لیے کام کرنے کی یاد دہانی کا دن بھی ہے۔‘
’او آئی سی خواتین کی مختلف شعبوں میں کامیابیوں کے جشن میں انٹرنیشنل کمیونٹی کے ساتھ شریک ہے‘۔
انہوں نے سماجی انصاف پر مبنی سرمایہ کاری کے ذریعے مضبوط اور متوازن معیشتوں کے قیام پر زور دیا تاکہ تمام شعبہ ہائے زندگی میں خواتین کے حقوق کو یقینی بنایا جائے۔
سیکریٹری جنرل نے گزشتہ سال سعودی عرب میں منعقدہ عالمی کانفرنس میں اسلام میں خواتین کے حقوق کے حوالے سے’جدہ دستاویز‘ کی اہمیت پر زور دیا۔
علاوہ ازیں حسین ابراہیم طہ نے فلسطینی عوام پر ہونے والے مظالم اور اسرائیلی افواج کی سنگین خلاف ورزیوں کی مذمت کرتے ہوئے فوری سیزفائر کا مطالبہ ہے۔
انہوں نےعالمی برادری سے فوری طور پر متاثرین تک بغیر کسی رکاوٹ کے امدادی سامان کی فراہمی کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔
واضح رہے رواں سال خواتین کے عالمی دن کی تھیم ’خواتین کی ترقی تیز بنانے میں سرمایہ کاری‘ ہے جو کہ او آئی سی کے تنوع اور خواتین کو با اختیار بنانے کے اصولوں سے مطابقت رکھتی ہے۔