پیاز کا عالمی بحران، امارات میں قیمتیں کم ہونے لگیں
پیاز کی فی کلو گرام قیمت تقریبا 8 درہم سے کم ہوکر 6.5 اور7 درہم تک آگئی (فوٹو: امارات الیوم)
اماراتی وزارت خزانہ نے پیاز کی سپلائی میں نمایاں اضافے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ درآمد بڑھنے کے باعث پیاز کی قیمتیں بتدریج کم ہورہی ہیں۔
الامارات الیوم کے مطابق ریٹیل سیکٹر سے منسلک افراد کا کہنا ہے’ مارکیٹ میں پیاز کا وافر اسٹاک موجود ہے جس کی وجہ سے قیمتوں میں کمی آئی ہے، جبکہ رواں ماہ کے آخر میں انڈین پیاز کی درآمد پر پابندی کے خاتمے کے بعد پیاز مزید سستی ہونے کا امکان ہے۔‘
سیکریٹری وزارت خزانہ برائے تجارتی کنٹرول عبداللہ سلطان الفن الشامسی کا کہنا ہے کہ’ درآمد کنندگان اور ریٹیل کمپنیز نے انڈیا کی جانب سے برآمد پر پابندی کے پیش نظر پیاز کے عالمی بحران کا مثبت انداز میں سامنا کیا۔‘
انہوں نے پیاز درآمد کرنے کے لیے حکومتی سہولتوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ’دیگر ذرائع سے پیاز کی درآمد کے باعث منڈیوں میں پیاز کی کمی کو کنٹرول کیا گیا جبکہ مسابقت کے باعث قیمتوں میں بھی کمی آئی ہے۔
علاوہ ازیں ریٹیلنگ چین میں سیلز کے ذمہ دار دلیپ بیگوی نے بتایا’ پیاز کی بعض اقسام کی قیمتوں میں کمی ایران، ترکیہ، پاکستان اور ترکمانستان سے درآمد کے معاہدوں اور مارکیٹ میں دستیابی کی وجہ سے ہوئی۔‘
انہوں نے مزید کہا ’پیاز کی فی کلو گرام قیمت تقریبا 8 درہم سے کم ہوکر 6.5 اور7 درہم تک آگئی ہے، جبکہ آنے والے دنوں میں قیمتوں میں کمی کا رجحان برقرار رہے گا۔‘