فلسطینی شہر میں سڑک امریکی فوجی آرون بوشنیل کے نام سے منسوب
شہر کے میئر عبدالکریم صدر نے آرون بوشنیل کو خراج تحسین پیش کیا۔ (فوٹو: بلدیہ اریحا)
فلسطینی شہر جیریشو (اریحا) میں ایک سڑک امریکی فضائیہ کے اہلکار ’آرون بوشنیل‘ کے نام سے منسوب کی گئی ہے جنہوں نے غزہ میں اسرائیل کی جنگ کے خلاف احتجاجاً خود سوزی کی تھی۔
عرب نیوز کے مطابق یہ واقعہ 25 فروری کو واشنگٹن میں اسرائیلی سفارت خانے کے باہر پیش آیا جب فوجی لباس میں ملبوس 25 سالہ نوجوان نے انٹرنیٹ پر لائیو سٹریم کے دوران کہا کہ ’میں اب نسل کشی میں شریک نہیں رہوں گا۔‘
اس کے بعد اس نے خود پر تیل چھڑکی اور ’فلسطین کو آزاد کرو‘ کا نعرہ لگاتے ہوئے خود کو آگ لگا دی۔
برطانوی اخبار دی گارڈین کے مطابق اتوار کو مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر جیریشو میں سڑک کو امریکی فوجی کے نام سے منسوب کرنے کی ایک تقریب منعقد ہوئی۔
شہر کے میئر عبدالکریم صدر نے آرون بوشنیل کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس نے ’فلسطینی کاز کے لیے سب کچھ قربان کر دیا۔‘
تقریب سے خطاب میں میئر نے کہا کہ ’ہم انہیں نہیں جانتے تھے اور وہ ہمیں نہیں جانتا تھا۔ ہمارے درمیان کوئی سماجی، معاشی یا سیاسی رابطہ نہیں تھا۔ ہمارے درمیان جو چیز مشترک ہے وہ آزادی کے لیے محبت اور (غزہ پر) ان حملوں کے خلاف کھڑے ہونے کی خواہش ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اس سلسلے میں فوری فیصلہ کیا اور سب سے پہلے یہ کام کیا۔
دی گارڈین کی خبر کے مطابق شہر نے جنوبی افریقہ کے لیے ایک مربع بھی وقف کیا ہے جس نے عالمی عدالت انصاف میں اسرائیل کے خلاف قانونی کارروائی کی اور نسل کشی کا الزام عائد کیا۔