عمرہ سیزن کےلیے واضح آپریشنل پلان پرعمل کیا جا رہا ہے: محکمہ ٹریفک
عمرہ سیزن کےلیے واضح آپریشنل پلان پرعمل کیا جا رہا ہے: محکمہ ٹریفک
بدھ 13 مارچ 2024 21:38
سب سے اہم عمرہ پرمٹ کا حصول اور وقت کی پابندی ہے۔ (فوٹو العربیہ چینل)
سعودی عرب میں رمضان المبارک کے آغاز پر مختلف شہروں سے عمرہ کے لیے آنے والے شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو مکہ مکرمہ سے باہر کارپارکنگ کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔ اس سال بھی محکمہ ٹریفک نے آپریشنل پلان تیار کیا ہے۔
العربیہ نیٹ سے گفتگو کرتے ہوئے محکمہ ٹریفک کے سرکاری ترجمان کرنل منصور الشکرہ نے کہا کہ عمرہ سکیورٹی فورسز اس سال رمضان میں عمرہ سیزن کے لیے ایک واضح آپریشنل پلان پر عمل کررہی ہیں۔
عمرہ سیکیورٹی فورسز مکہ اور وسطی علاقے میں شاہراہوں اور انڈر پاس کے اطراف پر 24 گھنٹے مختلف شفٹوں میں کام کرتی ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا مکہ سے باہر پانچ پارکنگ لاٹس ہیں جہاں سے عمرہ زائرین کو بسوں کے ذریعے حرم تک پہنچایا جارہا ہے۔ حرم کے اطراف اور شہر کے دیگر حصوں میں ٹریفک کی روانی کو بحال رکھنے کے لیے پوری ٹیم وائرلیس سسٹم سے مربوط ہے اور کسی مشکل صورتحال میں مزید کمک وہاں بھیجی جاتی ہے۔
منصور الشکرہ نے بتایا مدینہ منورہ، طائف، جدہ اور مملکت کے دیگر علاقوں سے آنے والوں کے لیے پارکنگ لاٹس مختص ہیں تاکہ عمرہ زائرین اپنی گاڑیاں پارک کرکے بسوں کے ذریعے آسانی سے حرم شریف پہنچ سکیں۔ اس کے علاوہ حرم کے اطراف میں پیدل چلنے والوں کے لیے الگ راستے ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا عمرہ زائرین کے لیے سب سے اہم عمرہ پرمٹ کا حصول اور وقت کی پابندی ہے۔
منصور الشکرہ نے بتایا اس کے علاوہ سی سی کیمروں کے ذریعے بھی ٹریفک نظام کو مانیٹر کیا جاتا ہے۔
ترجمان کےمطابق یکم رمضان سے آپریشنل پلان پر عمل درآمد شروع کردیا گیا ہے۔ اہلکار ٹریفک روانی کو بہتر بنانے کے لیے چوبیس گھنٹے مختلف شٹفوں میں خدمات انجام دیتے ہیں تاکہ زائرین کی مسجد الحرام آمد ورفت میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کیخبروں کے لیے”اردو نیوز“گروپ جوائن کریں