Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حکمرانوں نے پچھلے 10 برس میں کراچی کے ساتھ ناانصافی کی: ایم کیو ایم رہنما

الطاف حسین کی زیر قیادت متحدہ قومی مومنٹ (ایم کیو ایم) کو سب سے پہلے خیر آباد کہہ کر مصطفی کمال کا ساتھ دینے والے رکن صوبائی اسمبلی افتخار عالم کا کہنا ہے کہ کراچی میں حکمرانی کرنے والوں نے پچھلے 10 برسوں میں شہر سے  بہت زیادہ ناانصافی کی ہے۔
 اردو نیوز کے ساتھ گفتگو میں افتخار عالم کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے شہر کا بیڑا غرق کر دیا۔ ’ہم عوامی نمائندے ہیں، عوام کے حق کے لیے کسی بھی حد تک جانے سے دریغ نہیں کریں گے۔‘
کراچی کو ہم نے روشنیوں کا شہر بنایا تھا اسے کچھ عرصے سے حکمرانی کرنے والوں نے برباد کر دیا۔‘
 انہوں نے کہا کہ جس حلقے سے میں الیکشن میں کامیاب ہوا ہوں یہ عزیز آباد اور لیاقت آباد کا علاقہ ہے۔ ’2002 اور 2008 میں لوگ اس علاقے کی طرف حسرت سے دیکھتے تھے۔ یہاں کی سڑکیں، پارک، رات میں روشنیوں کا نظام شہر کے دیگر علاقوں کے لیے مشعل راہ تھا۔‘
افتخار عالم کا کہنا تھا کہ تبدیلی کا نعرہ ہو یا بھٹو کے زندہ ہونے کی بات ہو، کام کسی نے نہیں کیا۔
’اب علاقے کا یہ حال ہے کہ سیوریج، صفائی، پینے کے صاف پانی کے مسائل درپیش ہے۔ ساتھ ساتھ فیملی پارک بھی کھنڈرات کا منظر پیش کررہے ہیں۔‘
افتخار عالم نے پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور صدر پاکستان آصف علی زرداری کے قریبی ساتھی ڈاکٹر عاصم پر تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا کہ ڈاکٹر عاصم نے پچھلے دور میں کراچی میں رشوت کا بازار گرم کر رکھا تھا۔
’ترقیاتی کاموں کا ہونا تو ایک طرف جو پراجیکٹ تیار تھے ان کی موثر دیکھ بھال نہیں کی گئی۔‘
افتخار عالم نے کہا کہ شہر کی بہتری کے لیے ایم کیو ایم ایک بار پھر میدان میں آئی ہے۔ ’عوام نے ہمیں مینڈیٹ دیا ہے، اور کراچی کے اداروں میں بیٹھے افراد جان لیں کہ ہم عوامی مسائل کے حل کے لیے سڑکوں پر نکلیں سے نہیں کترائیں گے۔‘
ایم کیو ایم رہنما کا کہنا تھا کہ ’لوگ ہماری طرف امید سے دیکھ رہے ہیں۔ کراچی سمیت سندھ کے شہری علاقوں میں ایم کیو ایم ہی عوامی مسائل حل کر سکتی ہے۔‘

شیئر: