’سعودی عرب کی دوستی پر ناز ہے‘، محسن نقوی کی سعودی سفیر سے ملاقات
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی سے ملاقات کی ہے۔
جمعرات کو سعودی سفارت خانے کی جانب سے جاری کیے جانے والے بیان کے مطابق یہ ملاقات اسلام آباد میں ہوئی۔
سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے عہدہ سنھبالنے پر محسن نقوی کو مبارک باد دی اور نئی ذمہ داریوں کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
نواف بن سعید احمد المالکی نے پنجاب میں غیرمعمولی رفتار سے اور اعلٰی معیار کے منصوبوں کی ریکارڈ مدت میں تکمیل پر محسن نقوی کی کارکردگی کو سراہا۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔
اس موقع پر محسن نقوی پنجاب حکومت کے ساتھ بے پایاں تعاون پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب نے ہر آزمائش میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’سعودی عرب پاکستانیوں کا دوسرا گھر ہے اور پاکستانی قوم کو سعودی عرب کے ساتھ تعلقات پر فخر ہے۔‘
محسن نقوی نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کو مضبوط تر بنانے میں سعودی سفیر کے کردار کو مثالی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’ہم سب کو سعودی عرب کے ساتھ تاریخی دوستی پر ناز ہے۔‘