سعودی سفیر کی حکومت پاکستان اور عوام کو ماہ رمضان کی مبارک باد
پاکستان میں پہلا روزہ منگل کو ہو گا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعيد المالكی نے حکومت پاکستان اور عوام کو ماہ رمضان کی آمد پر مبارک باد دی ہے۔
سنیچر کو اپنے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ سے ایک ٹویٹ میں سعودی سفیر نے کہا کہ ’میں اپنی اور پاکستان میں خادم حرمین شریفین کے سفارت خانہ کے تمام احباب کی طرف سے برادر اسلامی جمہوریہ پاکستان کی حکومت اور عوام کو ماہ رمضان کی آمد پر مبارک باد اور نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔ ہمیشہ سلامت رہیں!‘
خیال رہے کہ پیر کو پاکستان میں رمضان المبارک کا چاند نظر آ گیا ہے اور پہلا روزہ منگل کو ہو گا۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ عبدالخبیر آزاد نے پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب میں چاند نظر آنے کا اعلان کیا۔
مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ پاکستان میں اکثر مقامات میں مطلع ابر آلود رہا لیکن بہت سارے علاقوں سے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں۔