Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ولی عہد سے شہباز شریف کی ٹیلی فونک گفتگو، پاکستان کی حمایت کا اعادہ

وزیراعظم شہباز شریف نے ولی عہد محمد بن سلمان کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔ (فائل فوٹو: ایس پی اے)
وزیراعظم شہباز شریف نے عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد دینے پر سعودی عرب کے ولی عہد شہزاہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا ہے۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سنیچر کو ولی عہد محمد بن سلمان نے  ٹیلی فونک گفتگو میں شہباز شریف کو دوبارہ وزرات عظمٰی سنبھالنے پر مبارک باد دی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ٹیلی فونک گفتگو میں شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ دونوں ممالک میں قریبی برادرانہ تعلقات ہیں۔‘
بیان کے مطابق ولی عہد محمد بن سلمان نے ’پاکستان کے لیے سعودی عرب کی حمایت کا اعادہ کیا۔
شہباز شریف نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صحت کے لیے نیک خواہشات کا پیغام بھی دیا۔ ’پاکستان کے عوام شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان کے لیے گہری عقیدت اور احترام رکھتے ہیں۔
ٹیلی فونک گفتگو کے حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف نے آفیشل ایکس اکاؤنٹ پر لکھا کہ ’میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان السعود کا مشکور ہوں جنہوں نے مجھے دوبارہ منتخب ہونے پر مبارک باد دی۔ میں نے اپنی طرف سے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صحت کے لیے نیک خواہشات کا پیغام بھی پہنچایا۔‘
پوسٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ’ہم ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے منتظر ہیں۔‘
وزیراعظم نے یہ امید بھی ظاہر کی کہ ’محمد بن سلمان دونوں ممالک کے درمیان گہرے اور تاریخی برادارنہ تعلقات کو جامع سٹریٹجک شراکت میں تبدیل کریں گے۔‘
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف نے سعودی قیادت اور وہاں کے عوام کو رمضان کی مبارک باد بھی دی اور دعا کی کہ یہ مہینہ مسلمان دنیا میں امن اور خوشحالی لانے کا باعث بنے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تاریخی اور گہرے تعلقات پر فخر کرتا ہے اور دونوں ممالک ہر موقع پر ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔
وزیراعظم نے پاکستان کی غیرمتزلزل حمایت پر بھی سعودی عرب کو سراہا۔
شہباز شریف نے ایک بار پھر ولی عہد کو جلد پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت دی اور کہا کہ پاکستان کے عوام ان کے پرتپاک استقبال کے منتظر ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے عہدہ سنبھالنے کے بعد نیک خواہشات کا پیغام بھیجنے پر بھی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا۔
 

شیئر: