نئی دہلی۔۔۔۔دہلی کی جامع مسجد کے شاہی امام سید احمد بخاری نے پاکستان اور ہند کی حکومتوں سے اپیل کی ہے کہ رمضان کے مقدس مہینے میں کشمیر میں سیز فائر کا اعلان کیا جائے۔تنازع کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ قیام امن کیلئے سب کو تعاون کرنا ہوگا۔ اسی صورت میں بات چیت کی راہیں ہموار ہوسکتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آج کشمیر میں امن اور کشمیریوں کے زخموں پر مرہم رکھنے کی ضرورت ہے۔ امن کیسے قائم ہواور زخموں پر مرہم کیسے رکھا جائے اس بارے میں کشمیری نوجوانوں ، حریت رہنماؤں اور پاک و ہند کی حکومتوں کو سنجیدگی سے غور کرنا ہوگا۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا یہ صورتحال کشمیر ، کشمیری عوام اور ملک و قوم کے حق میں اور کیا اسے یونہی چھوڑ دیا جائے۔ اس بات پر بھی غور کرنے کی ضرورت ہے کہ آخر کیا وجہ ہے فوج اور کشمیری نوجوان ایک دوسرے کے مدمقابل آگئے۔