Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کرسٹیانو رونالڈو اور جورجینا روڈریگز کی بحیرہ احمر کے ساحل کی سیر

’جنت میں محبت، ہم سعودی عرب کو دریافت کرتے رہتے ہیں‘ (جیورجینا روڈریگز، انسٹاگرام)
معروف فٹبال سٹار کرسٹیانو رونالڈو اور ان کی پارٹنر جورجینا روڈریگز ان دنوں سعودی عرب کی سیر میں مصروف ہیں۔
جوڑے کا تازہ ترین سیر کا مقام مملکت کی ساحلی پٹی تھی۔
جورجینا نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنی فیملی کے ہمراہ تازہ فوٹو پوسٹ شیئر کرتے ہوئے ہوئے لکھا کہ ’جنت میں محبت، سعودی عرب کی سیر کا سلسہ جاری رہے گا۔‘
تصاویر میں رونالڈو اور جورجینا کو اپنے بچوں کے ساتھ لطف اندوز ہوتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
النصر کلب کے فُٹ بالر رونالڈو اکثر اپنا فارغ وقت خاندان کے ہمراہ سعودی عرب کی نئی جگہیں دریافت کرنے میں گزارتے ہیں۔
گذشتہ دسمبر میں انہوں نے سعودی عرب کے صوبہ مدینہ میں واقع العلا کے دورے کے دوران انسٹاگرام پر رونالڈو نے لکھا تھا کہ ’سعودی عرب میں العلا کے غیر معمولی انسانی اور قدرتی ورثے کو دیکھ کر حیران ہوں۔‘
اس دوران جوڑے نے ایک شاندار رومانوی ڈنر کا لطف بھی اٹھایا تھا اور گنیز ورلڈ ریکارڈ کے حامل العلا مرایا کا دورہ بھی کیا۔
واضح رہے کہ العلا مرایا گنیز بُک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج دنیا کی سب سے بڑی شیشے کی عمارت ہے جس میں 9 ہزار740 گلاس پینلز لگائے گئے ہیں اور یہ سعودی عرب کے پہلے یونیسکو عالمی ثقافتی ورثہ سائٹ ہیگرہ سے 12 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔
جورجینا روڈریگز رونالڈو کے بغیر بھی سعودی عرب کی سماجی تقریبات سے میں شریک ہوتی رہتی ہیں۔
اس سے قبل مارچ میں انہیں دارالحکومت ریاض میں ایک سعودی پرفیوم برینڈ  کے زیراہتمام تقریب میں شرکت کرتے یوئے بھی دیکھا گیا تھا۔
جورجینا نے اس دوران برینڈ کے سنیپ چیٹ (سوشل ایپ) اکاونٹ سے ایونٹ کی جھلکیوں کے علاوہ تقریب میں شرکت کا اپنا تجربہ بھی شیئر کیا تھا۔
مارچ 2023 میں ہی جورجینا روڈریگز ایک برینڈ کے ساتھ مل کر مہم کا حصہ بنیں اور سعودی عرب میں گزرے وقت سے متعلق سوالات کے جواب دیے۔
برینڈ کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیو میں انہوں نے کہا تھا کہ ’میں اس ملک میں خود کو بہت محفوظ محسوس کرتی ہوں، اور یہاں کی خاندانی اقدار کی قدرکرتی ہوں۔‘

شیئر: