Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں مسافروں کی تعداد 112 ملین، 26 فیصد اضافہ

عالمی سطح پر 150 سٹیشنز سے مملکت کو جوڑا گیا ہے
سعودی سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ مملکت میں گزشتہ برس 2023 کے دوران فضائی سروسز کے شعبے میں غیرمعمولی بہتری ریکارڈ کی گئی۔
سال 2022 کے مقابلے میں مسافروں کی تعداد میں 26 فیصد اضافہ ہوا جبکہ سال 2019 سے قبل کے اعداد وشمار کے حساب سے یہ اضافہ 8 فیصد رہا۔
اخبار 24 کے مطابق سول ایوی ایشن کے صدر عبدالعزیز الدعیلج نے مدینہ منورہ ایوان صنعت و تجارت میں ہوا بازی کے شعبے میں قومی حکمت عملی کو فعال بنانے کے لیے کمیٹی کے 12ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ’ گزشتہ برس مملکت میں مسافروں کی مجموعی تعداد 112 ملین رہی جبکہ عالمی سطح پر 150 سٹیشنز سے مملکت کو جوڑا گیا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ مدینہ منورہ کے شہزادہ محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی دوسری توسیع کا مرحلہ سال 2027 تک مکمل ہو جائے گا جس پر ایک اعشاریہ دو ارب ریال لاگت آئے گی جس کے بعد سالانہ 17 ملین مسافروں کی مزید گنجائش پیدا ہو جائے گی۔
سول ایوی ایشن کے صدر نے اجلاس سے خطاب میں مزید کہا کہ ہوا بازی کے شعبے میں غیرمعمولی کامیابیاں حاصل کی گئی ہیں جن میں شاہ سلمان انٹرنیشنل ایئرپورٹ ریاض منصوبہ، ابھا ایئرپورٹ اور ریڈ سی انٹرنیشنل ایئرپورٹ منصوبے کے علاوہ ریاض ایئر کمپنی کا قیام شامل ہے۔

مدینہ منورہ ایئرپورٹ کی دوسری توسیع کا مرحلہ 2027 تک مکمل ہو جائے گا (فوٹو: ایس پی اے)

مملکت کے چار انٹرنیشنل ایئرپورٹس کو مسلسل دوسری بار 19 اعزازات ملے ہیں جبکہ ان ایئرپورٹس میں سے تین کو ’سکائی ٹریکس‘ پروگرام کے تحت دنیا کے 50 بہترین ایئرپورٹس میں بھی شامل کیا گیا ہے۔
ریاض کا شاہ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو 27ویں نمبر جبکہ جدہ کا شاہ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ 41ویں اور دمام کا شاہ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ 44 ویں رینک پر ہے۔

شیئر: