23 مارچ: کن کن اہم شخصیات کو سرکاری اعزازات سے نوازا گیا ہے؟
23 مارچ: کن کن اہم شخصیات کو سرکاری اعزازات سے نوازا گیا ہے؟
ہفتہ 23 مارچ 2024 19:54
سابق وزیراعلٰی سندھ سید قائم علی شاہ کو بھی ہلال امتیاز سے نوازا گیا (فوٹو: ایوان صدر)
حکومت پاکستان نے یومِ پاکستان کے موقع پر متعدد شعبوں میں اعلٰی خدمات سرانجام دینے والوں کو اعزازات سے نوازا ہے۔
ایوانِ صدر اور صوبوں کے گورنر ہاؤس میں منعقد ہونے والی الگ الگ تقریبات میں معاشرے کے مختلف شعبوں سے وابستہ افراد کو اعلٰی اعزازات سے نوازا گیا۔
سنیچر کو ایوان صدر اسلام آباد میں ہونے والی مرکزی تقریب میں صدر آصف علی زرداری نے سینیئر سیاست دان راجا ظفرالحق، سابق وزیراعلٰی سندھ سید قائم علی شاہ اور سابق نگراں وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر کو نشان امتیاز عطا کیا۔
صدر آصف زرداری نے سابق وفاقی وزیر برائے مذہبی امور عبدالشکور، جو گذشتہ سال اسلام آباد میں ایک ٹریفک حادثے میں چل بسے تھے، کو بعد از وفات ہلالِ امتیاز سے نوازا۔
سماجی خدمات کے شعبے میں غربت کے خاتمے کے لیے کام کرنے والی اخوت ٹرسٹ کے سربراہ ڈاکٹر امجد ثاقب کو ہلالِ امتیاز عطا کیا گیا جبکہ ادب کے شعبے میں افتخار عارف اور معروف شاعر انور مسعود کو نشانِ امتیاز عطا کیا گیا۔
کھیلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے پر ماضی میں ہاکی کے معروف کھلاڑی صلاح الدین صدیقی، ثقافت میں آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے صدر محمد احمد شاہ اور فیشن میں معروف ڈیزائنر محمود احمد طاہر بھٹی کو نشانِ امتیاز سے نوازا گیا۔
نیوکلیئر سائنس کے شعبے میں حفیظ قریشی مرحوم کے علاوہ ایئر مارشل (ر) نجیب اختر کو بھی نشان امتیاز عطا کیا گیا۔ ماضی کی مقبول اداکارہ شبنم کو ستارہ امتیاز سے نوازا گیا۔
آصف زرداری نے نمایاں خدمات پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، سابق انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب مشتاق احمد سُکھیرا کو ہلالِ شجاعت، بریگیڈیئر سرفراز علی اور سابق چیف سیکریٹری پنجاب ناصر کھوسہ کو ہلالِ امتیاز عطا کیا گیا۔
سابق بیوروکریٹ فواد حسن فواد، سابق وفاقی سیکریٹری قانون راجا نعیم اختر، سابق گورنر سٹیٹ بینک طارق باجوہ اور سابق معاون خصوصی وزیراعظم طارق فاطمی بھی ہلالِ امتیاز حاصل کرنے والوں میں شامل ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد اکرم خان، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن ڈاکٹر محمد جہانزیب، طارق محمود پاشا، جاوید اسلم اور احمد عرفان اسلم کو بھی ہلالِ امتیاز دیا گیا۔
ان کے علاوہ جن شخصیات کو ہلالِ امتیاز سے نوازا گیا اُن میں کیپٹن (ر) زاہد سعید، سبطین فضل حلیم، زاہد اختر زمان، بریگیڈیئر عاطف رفیق، شاہد خان اور پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد شامل ہیں۔
معروف گلوکار راحت علی خان بھی ہلال امتیاز پانے والوں میں شامل ہیں۔
اداکارہ سجل علی کو تمغہ امتیاز، اداکار عدنان صدیقی اور قاد ربخش مٹو کو تمغہ برائےحسن کارکردگی سے دیا گیا۔ گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے سجل علی کو تمغہ امتیاز سے نوازا۔
تھر سے تعلق رکھنے والی مائی دہائی کو تمغہ برائےحسن کارکردگی سے نوازا گیا۔
سابق وزیراعظم عمران خان کے لیے کپتان اور قیدی نمبر 804 چپل بنانے والے پشاور کے چاچا نُور دین کو بھی صدارتی ایوارڈ دیا گیا۔
صدر مملکت نے سائنس کے شعبے میں نمایاں خدمات انجام دینے والے پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خان، ڈاکٹر شاہد محمود بیگ، پروفیسر ڈاکٹر محمد عمر، پروفیسر ڈاکٹر عادل نجم، صحافی زاہد ملک (مرحوم)، بلال صدیق کمیانہ اور تنویر احمد کو بھی ہلال امتیاز عطا کیا۔
معروف صحافی سہیل وڑائچ کو شعبہ صحافت میں نمایاں خدمات پر صدارتی ایوارڈ برائے حسنِ کارکردگی سے نوازا گیا۔
صدر پاکستان نے ڈائریکٹر جنرل قطر فنڈ برائے ترقی خلفیہ جاسم الکواری، سعودی ترقیاتی فنڈ (ایس ایف ڈی) کے چیف ایگزیکیٹو افسر سلطان بن عبدالرحمان المرشد اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر یونگ یی کو ہلال قائداعظم عطا کیا۔
اس کے علاوہ صدر نے پاکستان آرمی، نیوی اور ایئر فورس کے افسران اور جوانوں کے لیے بھی عسکری اعزازات کا اعلان کیا۔
پاکستان آرمی کے سپیشل سروسز گروپ کے سپاہی اسرار محمد کو ستارہ بسالت دیا گیا ہے۔
ان کے علاوہ مسلح افواج کے 135 افسران اور جوانوں کو تمغہ بسالت جبکہ 35 کو امتیازی اسناد عطا کی گئیں۔
چیف آف آرمی سٹاف تعریفی اسناد 148 افسران اور جوانوں جبکہ ہلال امتیاز ملٹری 23 افسران اور جوانوں کو عطا کیا گیا ہے۔
ستارہ امتیاز ملٹری 109 جبکہ 137 افسران اور جوانوں کو تمغہ امتیاز ملٹری عطا کیا گیا۔