Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نوازالدین صدیقی اور اُن کی اہلیہ نے بچوں کی خاطر آپس میں صلح کر لی

خیال رہے کہ عالیہ صدیقی نے اس سے قبل نوازالدین اور اُن کی فیملی پر ہراسیت کے الزامات لگائے تھے (فائل فوٹو)
بالی وُڈ کے اداکار نوازالدین صدیقی اور اُن کی اہلیہ عالیہ صدیقی نے بچوں کی خاطر آپس میں صلح کر لی ہے۔
اس بات کا اعتراف عالیہ صدیقی نے ای ٹائمز کو دیے گئے اپنے حالیہ انٹرویو میں کیا۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق ای ٹائمز کو دیے گئے انٹرویو میں عالیہ صدیقی نے بتایا کہ ’میں سمجھتی ہوں کہ جب ہم بری چیزوں کے بارے میں سب کو بتاتے ہیں تو اچھی چیزوں کے بارے میں بھی بتانا چاہیے۔ میں سمجھتی ہوں کہ اچھی چیز بھی نظر آنی چاہیے۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ’نواز بھی یہاں تھے تو ہم نے بچوں کے ساتھ مل کر شادی کی سالگرہ منائی۔‘
کچھ روز قبل عالیہ صدیقی نے شادی کی 14ویں سالگرہ کی تصویر شیئر کی جس میں نوازالدین صدیقی سمیت بچوں کو بھی دیکھا گیا۔
عالیہ نے اس بات کا بھی انکشاف کیا کہ نوازالدین صدیقی نے فیملی کے ساتھ گزشتہ برس دبئی میں نیو ایئر بھی منایا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ’میں سمجھتی ہوں کہ ہمارے رشتے میں مسائل ہمیشہ تیسرے انسان کی وجہ سے آئے لیکن ہم دونوں کے درمیان غلط فہمی ختم ہوگئی ہے۔ ہم نے اپنے بچوں کی وجہ سے مکمل طور پر ہتھیار ڈال دیے ہیں (یعنی صلح کر لی ہے)۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ’بچے بڑے ہو رہے ہیں تو اب الگ رہنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔ اس کے علاوہ نواز شورا (بیٹی) کے بہت قریب ہیں جس کی وجہ سے وہ بہت اداس تھی۔ اس سے برداشت نہیں ہوا لہذا ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم اب مزید لڑائی جھگڑا نہیں کریں گے اور مل کر سکون سے رہیں گے۔‘
عالیہ صدیقی نے اس سے قبل نوازالدین اور اُن کی فیملی پر ہراسیت کے الزامات لگائے تھے۔
گزشتہ برس مارچ میں عالیہ نے الزام لگایا تھا کہ نوازالدین نے انہیں ان کے بچوں سمیت گھر سے نکال دیا ہے۔
دونوں میاں بیوی کو ممبئی ہائی کورٹ نے باہمی رضامندی سے معاملات کو حل کرنے کا حکم دیا تھا۔

شیئر: