Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’گینگز آف واسع پور پنڈی ایڈیشن‘

’شہریوں پر تشدد برداشت نہیں ، ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا‘(فوٹو: فیس بک کے ایف سی)
سوشل میڈیا پر ایک ریستوران کے باہر دو گروپوں میں تصادم کی ویڈیو گردش کر رہی ہے جس میں چند مشتعل افراد ہاتھوں میں ڈنڈے اٹھائے ایک دوسرے کے پیچھے بھاگ رہے ہیں۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فوڈ ڈیلیوری سروس اور رسیتوران کے عملے کے کچھ افراد ایک دوسرے سے گتھم گتھا ہیں اور لاٹھیاں برسا رہے ہیں جس سے پوری سڑک میدان جنگ کا منظر پیش کر رہی ہے۔
سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ راولپنڈی میں واقع فوڈ سینٹر کے باہر پیش آیا ہے اور لڑائی کی وجہ یہ بتائی جا رہی ہے کہ ریستوران کے مینجر کی جانب سے آرڈر دینے میں تاخیر ہوئی، ڈیلیوری بوائے کافی دیر انتظار کرتا رہا مگر جب دوبارہ مینجر سے آرڈر کے بارے میں پوچھا تو تلخ کلامی شروع ہو گئی۔
معاملہ اتنا بڑھا کہ ڈیلیوری بوائے نے اپنے ساتھیوں کو بھی بلا لیا اور دونوں گروپوں میں محاز آرائی شروع ہوگئی۔
اس ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے عدیل زیب جنجوعہ نامی صارف کا کہنا تھا کہ ’ویڈیو کے اکتالیسویں سیکنڈ سے دیکھا جا سکتا ہے کہ سب ایک مشتعل بیل کی طرح چارج ہیں، مارنا اور پھر فوری طور پر پویلین کی طرف واپس چلے جانا۔
یہ قوم عظیم بنے گی، ضرور بنے گی، کبھی نہ کبھی بنے گی۔‘

وڈے پائین کے نام سے ٹوئٹر ہینڈل نے غصے کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ عوام تبدیلی چاہتی ہے، خود تبدیل نہیں ہونا چاہتے۔ صبر تے اک پیسے دا نہیں ایناں کول بس گل گل تے لڑن نوں شیر نے۔‘

ترجمان کے نام سے ٹوئٹر ہینڈل نے اس ساری صورتحال کو میچ سے تشبیہ دیتے ہوئے لکھا کہ ’کے ایف سی اور فوڈ پانڈا کے درمیان ہونے والے ایک نائٹ میچ میں فوڈ پانڈا نے کے ایف سی کو تین ایک ڈنڈوں سے شکست دے دی۔‘

کچھ صارفین یہ پوچھتے دکھائی دیے کہ آخر ہوا کیا تھا؟ جس پر ’باخبر‘ صارفین ان کی رہنمائی کرتے نظر آئے۔ 

کچھ سوشل میڈیا صارفین نے میمز کا سہارا لیا اور کہا کہ ’یہ سب دیکھ کر ایسا لگ رہا ہے یہ جی ٹی اے والی گاڑیاں ہیں، پرتشدد ہجوم دیکھا اور ہارن دینا شروع ہو گئے۔‘
راولپنڈی پولیس کے ٹوئٹر اکاونٹ سے واقعے سے متعلق کی گئی ٹویٹ میں بتایا گیا ہے کہ ’بحریہ ٹاون فیز7 میں کے ایف سی اور فوڈ پانڈا کی آپسی لڑائی میں تھوڑ پھوڑ کے معاملے پر تحقیقات شروع کر دی گئیں ہیں، مینیجر ارسالن کی درخواست پر مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور ملزمان کو ٹریس کرکے گرفتاریاں بھی عمل میں لائی جائیں گی۔
اس حوالے سے ایس پی صدر نے کہا کہ ’شہریوں پر تشدد برداشت نہیں ، ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا‘

کچھ صارفین نے اس صورتحال کو ایکشن فلم کے منظر سے تشبیہ دیتے رہے، ایک صارف نے لکھا کہ ’گینگز آف واسے پور پنڈی ایڈیشن۔‘
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس ویڈیو کے بعد ریستوران اور ڈیلیوری فوڈ سروس کی طرف سے تاحال کوئی وضاحت سامنے نہیں آئی۔

شیئر: