نوازالدین صدیقی کی والدہ نے اپنی بہو کے خلاف مقدمہ کیوں درج کرایا؟
پیر 23 جنوری 2023 18:51
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
سنہ 2009 میں نواز الدین صدیقی نے عالیہ عرف انجنا کشور پانڈے سے شادی کی تھی۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
بالی وُڈ کے اداکار نوازالدین صدیقی کی والدہ نے اُن کی اہلیہ کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا ہے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ ’نوازالدین صدیقی کی والدہ اور ان کی اہلیہ عالیہ صدیقی کے درمیان پراپرٹی کا تنازع چل رہا ہے۔ عالیہ صدیقی کے خلاف انڈین پینل کوڈ کے سیکشنز 452، 323، 504 اور 506 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔‘
میڈیا رپورٹس کے مطابق ’عالیہ صدیقی اور ان کی ساس کے درمیان تلخ کلامی ہوئی ہے جس کے بعد مقدمہ درج کیا گیا ہے۔‘
اس بارے میں عالیہ صدیقی نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کی ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ ’یہ حیران کن ہے، میرے خاوند کے خلاف میری حقیقت پر مبنی شکایات پولیس نے نہیں سنیں جبکہ میں اپنے گھر میں داخل ہوئی تو میرے خلاف مقدمہ کچھ ہی گھنٹوں میں درج ہو گیا۔ کیا مجھے ایسے انصاف ملے گا۔‘
اس سے قبل عالیہ صدیقی نے نوازالدین صدیقی سے طلاق لینے کے لیے قانونی نوٹس بھی بھجوایا تھا۔
انہوں نے الزام عائد کیا تھا کہ ’انہیں گھریلو تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے جس کے باعث وہ طلاق لینا چاہتی ہیں۔‘
عالیہ نے اپنے دیور شمس صدیقی پر بھی ’تشدد کا الزام‘ لگایا تھا تاہم سنہ 2021 میں انہوں نے نوازالدین صدیقی سے طلاق لینے کا فیصلہ واپس لے لیا تھا۔
خیال رہے سنہ 2009 میں نواز الدین صدیقی نے عالیہ عرف انجنا کشور پانڈے سے شادی کی تھی جس کے بعد ان کے ہاں دو بچوں کی پیدائش ہوئی۔