کپتان کی تبدیلی ضروری تھی تو محمد رضوان بہترین انتخاب ہوتے: شاہد آفریدی
پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ بابر اعظم وائٹ بال کرکٹ میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کریں گے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے بابر اعظم کو دوبارہ ٹی20 اور ون ڈے کا کپتان بنانے پر کہا ہے کہ اگر تبدیلی ضروری تھی تو محمد رضوان کا انتخاب بہترین ہوتا۔
اتوار کو سوشل میڈیا سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک ٹویٹ میں شاہد آفریدی نے کہا کہ ’میں سلیکشن کمیٹی میں موجود اتنے تجربہ کار کھلاڑیوں کے فیصلے پر حیران ہوں۔ میں ابھی بھی سمجھتا ہوں کہ اگر تبدیلی ضروری تھی تو رضوان کا انتخاب بہترین ہوتا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’لیکن اب چونکہ فیصلہ ہو گیا ہے تو میں پاکستان کرکٹ ٹیم اور بابر اعظم کے لیے مکمل حمایت اور نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔‘
خیال رہے کہ اتوار کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بابر اعظم کو ایک بار پھر ٹی20 اور ون ڈے کا کپتان مقرر کر دیا ہے۔
پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ بابر اعظم وائٹ بال کرکٹ میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کریں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی کی متفقہ رائے کے بعد چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بابر اعظم کو پاکستان مینز کرکٹ ٹیم کا وائٹ بال کپتان مقرر کر دیا ہے۔
بابر اعظم نے 2023 کے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے بعد ون ڈے اور ٹی20 کی کپتانی چھوڑنے کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد ٹی20 ٹیم کی کپتانی شاہین آفریدی کو سونپ دی گئی تھی۔
اس کے علاوہ بابر اعظم نے ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی سے بھی استعفیٰ دے دیا تھا جس کے بعد ٹیسٹ ٹیم کا کپتان شان مسعود کو بنایا گیا تھا۔
بابر اعظم کے کپتانی چھوڑنے کے بعد بھی گرین شرٹس کی مشکلات کم نہ ہوئیں اور ٹیم کو آسٹریلیا کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں وائٹ واش جبکہ نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ ٹی20 میچوں کی سیریز میں 1-4 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔