چیمپئنز ٹرافی: انڈیا نے بنگلہ دیش کو شکست دے دی، شبھمن گِل کی سینچری
چیمپئنز ٹرافی: انڈیا نے بنگلہ دیش کو شکست دے دی، شبھمن گِل کی سینچری
جمعرات 20 فروری 2025 11:36
بنگلہ دیش نے پہلے کھیلتے ہوئے انڈیا کو جیت کے لیے 229 رنز کا ہدف دیا تھا (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے اپنے پہلے میچ میں بنگلہ دیش کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔
جمعرات کو دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں انڈیا نے بنگلہ دیش کے خلاف 229 رنز کا ہدف 47 ویں اوور کی تیسری گیند پر چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔
انڈیا کی جانب سے اوپنر شبھمن گِل نے سینچری سکور کی۔ انہوں نے 129 بالز پر 9 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 101 رنز کی اننگز کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے۔
کپتان روہت شرما 36 گیندوں پر 41 رمز بنا کر تسکین احمد کی بال پر آؤٹ ہوگئے۔ ان کی اننگز میں 7 چوکے شامل تھے۔ وراٹ کوہلی 22 رنز بنانے کے بعد رشاد حسین کی بال پر سومیا سرکار کو کیچ دے بیٹھے۔
بنگلہ دیش کی جانب سے رشاد حسین نے دو جبکہ تسکین احمد نے اور مستفیض الرحمان نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل چیمپئنز ٹرافی 2025 کے دوسرے میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے انڈیا کو جیت کے لیے 229 رنز کا ہدف دیا تھا۔
دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 49.4 اوورز میں 228 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
بنگلہ دیش کی جانب سے توحید ہردوئی نے شاندار سینچری سکور کی۔ ذاکر علی 68 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
35 رنز پر پانچ وکٹ گرنے کے بعد ذاکر علی اور توحید ہردوئی نے بنگلہ دیش کو مکمل تباہی سے بچایا اور چھٹی وکٹ کے لیے 154 رنز کی شراکت قائم کی۔
انڈیا کی جانب سے محمد شامی نے پانچ اور ہرشیت رضا نے تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ اکشر پٹیل نے دو کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔
شبھمن گِل نے 129 بالز پر 9 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 101 رنز کی اننگز کھیلی (فوٹو: اے ایف پی)
خیال رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں میزبان اور دفاعی چیمپئن پاکستان، بنگلہ دیش، افغانستان، انڈیا، نیوزی لینڈ، انگلینڈ، آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں شریک ہیں جنہیں دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔
گروپ اے میں دفاعی چیمپئن پاکستان، بنگلہ دیش، انڈیا اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں شامل ہیں، جبکہ گروپ بی میں افغانستان، آسٹریلیا، انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کو رکھا گیا ہے۔
تمام آٹھ ٹیموں کے دو گروپس میں سے دو، دو ٹاپ ٹیمیں سیمی فائنل راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کریں گی۔
ایونٹ کا پہلا میچ گروپ اے کی ٹیموں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا گیا تھا جس میں پاکستان کو 60 رنز سے شکست ہوئی۔
یاد رہے کہ انڈیا اپنا دوسرا میچ اتوار 23 فروری کو دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستان کے خلاف کھیلے گا جبکہ بنگلہ دیش کا دوسرا میچ 24 فروری کو نیوزی لینڈ کے خلاف پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ہوگا۔