سعودی مسام پروجیکٹ کے تحت یمن میں مزید 531 بارودی سرنگیں صاف
مارچ میں اب تک دو ہزار 374 ڈیوائسز کو تباہ کیا جا چکا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے مسام پروجیکٹ نے مارچ 2024 کے چوتھے ہفتے کے دوران یمن کے مختلف علاقوں میں حوثیوں کی نصب کردہ مزید 531 بارودی سرنگوں کو صاف کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی نگرانی میں مسام پراجیکٹ کی خصوصی ٹیموں نے یمن کے مختلف علاقوں سے ایک اینٹی پرسنل بارودی سرنگ، 86 اینٹی ٹینک بارودی سرنگیں ،420 بغیر دھماکے کی ڈیوائسز اور چھ دھماکہ خیز ڈیوائسز کو تباہ کیا۔
عدن، الحدیدہ، الجوف ،مارب اور دیگر علاقوں سے بارودی سرنگیں صاف کی گئی ہیں۔ مارچ میں اب تک دو ہزار 374 ڈیوائسز کو تباہ کیا جا چکا ہے۔
حوثیوں کی جانب سے یمن بھر میں نصب کی جانے والی بارودی سرنگوں سے بچوں، خواتین اور معمرافراد سمیت معصوم شہریوں کی زندگیوں کو شدید خطرہ لاحق ہے۔
مسام پروجیکٹ سعودی عرب کی جانب سے ان متعدد اقدامات میں سے ایک ہے جس نے یمنی شہریوں تک انسانی امداد کی فراہمی کےلیے راستے صاف کیے ہیں۔
یمن کے گورنریٹ مارب، عدن، الجوف، شبوہ، لحج، صنعا، البیضا، تعز، الحدیدہ، الضالع اور صعدہ میں بارودی سرنگیں صاف کرنے کے لیے کارروائیاں کی گئی ہیں۔
2018 میں مسام پروجیکٹ کے آغاز سے اب تک یمن میں حوثیوں کی بچھائی گئی چارلاکھ 36 ہزار376 بارودی سرنگوں کو تباہ کیا جا چکا ہے۔
واضح رہے کہ حوثی باغیوں کی جانب سے 1.2 ملین سے زیادہ بارودی سرنگیں بچھائی گئی ہیں جس کے باعث سیکڑوں معصوم شہریوں کے زخمی اور ہلاک ہونے کے واقعات رونما ہوئے ہیں۔
مسام پروجیکٹ کا مقصد یمن کے مختلف شہری اور دیہی علاقوں سے بارودی سرنگوں کی صفائی کرنا ہے تاکہ معصوم شہریوں کی جانوں کو ان سے محفوظ کیا جا سکے۔
جون 2022 میں مسام پروجیکٹ کے معاہدے کو 33.29 ملین ڈالر کی لاگت سے مزید ایک سال کے لیے بڑھایا گیا ہے۔
یہ پروجیکٹ مقامی انجینیئرز کی بھی تربیت اورانہیں جدید آلات فراہم کرتا ہے جبکہ باردودی سرنگوں کی زد میں آنے والے یمنی شہریوں کی بھی مدد کی جاتی ہے۔