مائینک یادو نے آئی پی ایل 2024 کی تیز ترین گیند کروانے کا اعزاز حاصل کر لیا
آر سی بی کے خلاف مائینک یادو نے 4 اوورز میں 14 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں (فوٹو: اے ایف پی)
انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے 17ویں ایڈیشن میں 10 ٹیموں کے درمیان دلچسپ مقابلے جاری ہیں۔
منگل کو بنگلور کے چناسوامی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں لکھنؤ سپر جائنٹس نے رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) کو 28 رنز سے ہرا دیا۔
اس میچ میں لکھنؤ سپر جائنٹس کے فاسٹ بولنگ سٹار مائینک یادو نے آئی پی ایل کے رواں سیزن کی تیزترین گیند کروانے کا اعزاز ایک مرتبہ پھر سے حاصل کر لیا۔
مائینک یادو نے آر سی بی کے خلاف 156.7 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند کروائی جس کے بعد انہوں نے اس سیزن میں اپنا ہی ریکارڈ دوبارہ توڑ دیا۔
اس سے قبل مائینک یادو نے کچھ روز قبل پنجاب کنگز کے خلاف میچ میں 155.8 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند کروائی تھی۔
آئی پی ایل کے مطابق مائینک یادو آئی پی ایل 2024 میں سب سے تیز گیند کروانے کا اعزاز رکھتے ہیں۔
آر سی بی کے خلاف مائینک یادو نے 4 اوورز میں 14 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں اور پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔
اس سیزن میں اُن کے علاوہ راجستھان رائلز کے ناندرے برگر 153 کلومیٹر فی گھنٹہ، ممبئی انڈینز کے جیرالڈ کوئٹزیا 152.3 کلومیٹر فی گھنٹہ، آر سی بی کے الزاری جوزف 151.2 کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ چنئی سپر کنگز کے متھیشا پتھیرانا 150.9 کلومیٹر فی گھنٹہ رفتار کی گیند کروا چکے ہیں۔
دوسری جانب آئی پی ایل کے 15ویں میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے لکھنؤ سپر جائنٹس نے مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بنائے۔
لکھنؤ کی جانب سے کوئنٹن ڈی کوک نے 81، نکولس پُوران نے 40 اور مارکس سٹوئنس نے 24 رنز بنائے۔
آر سی بی کی جانب سے گلین میکسویل نے دو جبکہ رِیس ٹوپلی اور محمد سراج نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
لکھنؤ سپر جائنٹس کی طرف سے دیے گئے 182 رنز کے ہدف کے جواب میں آر سی بی کی پوری ٹیم 19.4 اوورز میں 153 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
آر سی بی کی جانب سے ماہی پال لومروڑ نے 33، رجت پتی در نے 29 اور وراٹ کوہلی نے 22 رنز بنائے۔
لکھنؤ سپر جائنٹس کی طرف سے سپیڈسٹار بولر مائینک یادو نے تین، نوین الحق نے دو اور یش ٹھاکر نے ایک وکٹ حاصل کی۔