حافظ نعیم الرحمان جماعت اسلامی کے نئے امیر منتخب
جمعرات 4 اپریل 2024 15:51
زین علی -اردو نیوز، کراچی
حافظ نعیم الرحمان اس سے قبل جماعت کراچی کے امیر تھے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انجینیئر حافظ نعیم الرحمان جماعت اسلامی پاکستان کے نئے امیر منتخب ہو گئے ہیں۔
جمعرات کی شام جماعت اسلامی کے صدر کے لیے انتخابی کمیشن کے سربراہ راشد نسیم نے پریس کانفرنس میں نئے امیر کے نام کا اعلان کیا۔
حافظ نعیم الرحمان اس سے قبل جماعت اسلامی کراچی کے امیر تھے۔ وہ آئندہ پانچ برس کے لیے جماعت اسلامی کے امیر ہوں گے۔
تین ماہ کے انتخابی عمل میں اراکین جماعت نے خفیہ رائے شماری کے ذریعے اپنے امیر کا انتخاب کیا ہے۔
اس سے پہلے سراج الحق مسلسل دو مرتبہ امارات کے عہدے پر فائز رہ چکے ہیں۔
سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی جانب سے عام انتخابات میں جماعت کی بہتر کارکردگی نہ ہونے کی بنیاد پر استعفیٰ دیا گیا تھا۔
ان کے استعفے کے بعد جماعت میں نئے امیر کے لیے الیکشن کا عمل شروع ہوا۔
جماعت کی مجلس شوریٰ کی جانب سے امیر کے لیے تین نام سامنے آئے جن میں پہلا نام سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا تھا، دوسرا نام نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ اور تیسرا نام امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کا تھا۔
تین ماہ میں مختلف مراحل سے گزرتا ہوا جماعت کا انتخابی عمل 31 مارچ کو مکمل ہوا اور چار اپریل کو جماعت اسلامی کے نئے امیر کا اعلان کیا گیا۔