Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی کرکٹرز بسمہ معروف اور غلام فاطمہ کار حادثے میں معمولی زخمی

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ون ڈے اور پانچ ٹی20 میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز 18 اپریل ہوگا (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان بسمہ معروف اور سپنر غلام فاطمہ کار حادثے کا شکار ہوگئیں۔
کرکٹ کی کوریج کرنے والی ویب سائٹ ’کرک اِنفو‘ کے مطابق بسمہ معروف اور غلام فاطمہ کا جمعے کو کار ایکسیڈنٹ ہوا جس میں انہیں معمولی چوٹیں آئیں۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق دونوں کرکٹرز کو حادثہ کراچی میں پیش آیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ دونوں کرکٹرز کو ابتدائی طبی امداد دی گئی جس کے بعد انہیں بورڈ کی میڈیکل ٹیم کی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔
بسمہ معروف اور غلام فاطمہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے اور ٹی20 ہوم سیریز کے لیے منعقد ہونے والے ٹریننگ کیمپ کا حصہ ہیں۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی خواتین ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے اور پانچ ٹی20 میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز 18 اپریل ہوگا جس کے تمام میچز کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
بسمہ معروف اور غلام فاطمہ نے گزشتہ برس دسمبر میں نیوزی لینڈ کے خلاف آخری مرتبہ قومی ٹیم کی ون ڈے فارمیٹ میں نمائندگی کی تھی۔
نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلی گئی سیریز میں بسمہ معروف نے تین اننگز میں 89 رنز بنائے جبکہ غلام فاطمہ نے سیریز میں 6 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
دوسری جانب دورہ پاکستان کے لیے ویسٹ انڈیز ویمنز ٹیم کا تربیتی کیمپ آج یعنی سنیچر سے دبئی میں منعقد ہوگا۔

شیئر: