وزیرِاعظم شہباز شریف کو کویتی ہم منصب کا فون، مفید شراکت داری کے عزم کا اعادہ
جمعرات 11 اپریل 2024 12:35
وزیراعظم شہباز شریف نے دستخط شدہ معاہدوں پر جلد عمل درآمد کی یقین دہانی کروائی۔ فوٹو: اے پی پی
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کو کویت کے وزیرِ اعظم شیخ محمد صباح آلسالم آلصباح نے فون کر کے عید کی مبارکباد پیش کی ہے۔
جمعرات کو وزیر اعظم آفس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کویتی وزیرِ اعظم کا شکریہ کا ادا کیا اور دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ و تاریخی برادرانہ تعلقات کو باہمی طور پر مفید شراکت داری میں بدلنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس سلسلے میں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے نہ صرف پاکستان اور کویت کے مابین اقتصادی اور تجارتی تعاون کے فروغ کی ضرورت پر روز دیا بلکہ پاکستان کی جانب سے گزشتہ برس دونوں ممالک کے درمیان دستخط شدہ معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر جلد عمل درآمد کی یقین دہانی کروائی۔
دونون رہنماؤں نے پاکستان اور کویت کے عوام کی سلامتی اور خوشحالی، امتِ مسلمہ کے مابین بھائی چارے اور بالخصوص فلسطینیوں پر جاری اسرائیلی ظلم و جبر کے خاتمے کی دعا کی۔
کویت کے وزیرِ اعظم نے پاکستان کے عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرنے کے ساتھ ساتھ کویتی حکومت کی جانب سے پاکستان کے ساتھ تعاون کے مزید فروغ کی خواہش کا اظہار کیا۔