Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دمشق میں اسرائیلی میزائل حملے میں ایرانی القدس فورس کے سربراہ ہلاک

اسرائیلی میزائل حملے میں تباہ ہونے والی عمارت کے سامنے مقامی افراد جمع ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی
دمشق میں اسرائیلی کے میزائل حملے کا نشانہ بننے والی ایرانی سفارتخانے سے متصل عمارت میں ہلاک ہونے والے آٹھ افراد میں القدس فورس کے لبنان و شام کے لیڈر اور پانچ دیگر اہلکار شامل ہیں۔
بر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے کہا ہے کہ ’دمشق میں اسرائیل کے میزائل حملے میں ’ایران کے پاسداران انقلاب کے پانچ اہلکار، شام و لبنان کے لیے القدس فورس کے سربراہ اور دو ایرانی مشیروں کے مارے جانے کی تصدیق کرتے ہیں۔‘
اسرائیل کے میزائل حملے میں شام کے دارالحکومت دمشق میں واقع ایرانی سفارتخانے سے متصل عمارت ملبے کا ڈھیر بن گئی ہے۔
قبل ازیں پیر کو شام کے سرکاری میڈیا نے اسرائیلی میزائل حملے کی خبر دی جبکہ سیریئن وار مانیٹر گروپ نے کہا کہ آٹھ افراد کی ہلاکت ہوئی ہے۔
دمشق میں یہ ایک گنجان آباد علاقہ ہے جہاں ایرانی سفارت خانے سے متصل عمارت میزائل کا نشانہ بننے کے بعد ملبے کے ڈھیر میں تبدیل ہو گئی۔
برطانیہ میں شام میں جاری جنگ پر نظر رکھنے والے گروپ سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے کہا ہے کہ ’دمشق میں ایرانی سفارتخانے سے جڑی عمارت اسرائیل کے میزائل حملے میں تباہ ہو گئی جس میں چھ افراد مارے گئے۔‘ 
شام کی سرکاری نیوز ایجنسی )سانا) نے بتایا ہے کہ ’دمشق کے مضافاتی علاقے مضح میں اسرائیل کے ہدف بنا کر کیے گئے حملے میں ایرانی سفارتخانے کی عمارت نشانہ بنی ہے۔‘
اسرائیل کی جانب سے تاحال اس پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔
اے ایف پی کے علاقے میں موجود نمائندے نے تصدیق کی کہ ایرانی سفارتخانے سے متصل عمارت مکمل طور پر تباہ ہو گئی ہے۔
ایرانی میڈیا کی رپورٹس میں بھی دمشق میں سفارتخانے سے متصل عمارت کے تباہ ہونے کی تصدیق کی گئی ہے تاہم بتایا گیا ہے کہ ایرانی سفیر محفوظ ہیں۔ 
ایرانی خبر رساں ایجنسی نور کے مطابق ’اسرائیلی حملے میں دمشق میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر حسین اکبری اور ان کے اہلخانہ کو گزند نہیں پہنچی۔‘
قبل ازیں سانا نیوز ایجنسی نے رپورٹ کیا تھا کہ ’ہماری فضائی دفاعی نظام نے دمشق کے علاقے میں دشمن کے حملے کو روک دیا ہے۔‘
یہ واقعہ اس حملے کے چند دن بعد ہوا ہے جس میں آبزرویٹری گروپ کے مطابق اسرائیلی میزائل نے حزب اللہ کے 38 جنجگوؤں سمیت 53 افراد کو ہدف بنا کر ہلاک کر دیا تھا۔

شیئر: