Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سلمان خان سخت سکیورٹی کے حصار میں ممبئی سے دبئی روانہ

سلمان خان اپنے گھر کے باہر ہونے والی فائرنگ کے واقعے کے بعد پہلی مرتبہ ممبئی سے باہر گئے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
بالی وُڈ کے سپرسٹار سلمان خان سخت سکیورٹی کے حصار میں ممبئی سے دبئی روانہ ہوگئے ہیں۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق جمعے کو سلمان خان کو ممبئی ایئرپورٹ پر سخت سکیورٹی کے حصار میں دیکھا گیا۔
ممبئی ایئرپورٹ پر سلمان خان کے ساتھ  اُن کے باڈی گارڈ شیرا اور دیگر سکیورٹی اہلکار موجود تھے۔
سلمان خان اتوار کے روز اپنے گھر کے باہر ہونے والی فائرنگ کے واقعے کے بعد پہلی مرتبہ ممبئی سے باہر گئے ہیں۔
جمعے کو بالی وڈ کے ’بھائی‘ کو کالی ٹی شرٹ، میچنگ پینٹ اور کالے چشمے لگائے کار سے باہر نکلتا دیکھا گیا جبکہ انہوں نے ایئرپورٹ پر موجود پاپارازی فوٹوگرافرز کو دور سے سر ہلا کر جواب بھی دیا۔
انڈین میڈیا ایجنسی اے این آئی مطابق ممبئی کرائم برانچ کے حکام نے بدھ کو کہا تھا کہ سلمان خان کے گھر کے باہر فائرنگ کرنے والے ملزمان کا مقصد اداکار کو جان سے مارنا نہیں بلکہ صرف ڈرانا تھا۔
ممبئی کرائم برانچ کے حکام کا کہنا تھا کہ ’ملزمان نے پانویل میں سلمان خان کے فارم ہاؤس کی مخبری کی۔ وہ انہیں جان سے مارنا نہیں بلکہ صرف ڈرانا چاہتے تھے۔ دونوں ملزمان کے اہلخانہ کے بیانات ریاست بِہار میں ریکارڈ کروا دیے گئے ہیں جبکہ ہریانہ سمیت دیگر ریاستوں سے 7 افراد کو تفتیش کے لیے طلب کیا گیا ہے۔‘
اس سے قبل پولیس نے بتایا تھا کہ فائرنگ کرنے سے قبل ملزمان نے اپنی موٹرسائیکل سلمان خان کے گھر سے 100 میٹر دور کھڑی کی۔
 
اس کے بعد ملزمان نے اس بات کی یقین دہانی کی کہ گھر میں کوئی نہیں ہے تو انہوں نے فائرنگ کر دی اور موقع سے فرار ہوگئے۔
اس واقعہ میں ایک بڑی پیشرفت بھی دیکھنے میں آئی جب ممبئی پولیس نے گینگسٹر انمول بشنوئی کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔
انمول بشنوئی کے خلاف مقدمہ فیس بک پر دھمکی آمیز زبان کے استعمال کی وجہ سے درج کیا گیا ہے۔
انمول بشنوئی گینگسٹر لارنس بشنوئی کے چھوٹے بھائی ہیں۔
پولیس کے مطابق انمول بشنوئی نے فیس بک پر فائرنگ کے واقعے کے بارے میں دھمکی آمیز زبان کا استعمال کرتے ہوئے پیغام لکھا۔

شیئر: