لندن .....انسا ن کی اصل جگہ زمین ہے اور یہ جتنی بھی اڑانیں بھر لے اسے زمین پر ہی واپس آنا ہوتا ہے مگر سائنسی ترقی کے ساتھ خلائی سفر کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا اور انسان نے خلا میں نہ صرف سفر کیا بلکہ وہاں اپنے رہنے کیلئے اسٹیشن بھی قائم کرلیا۔ کرہ ارض سے ہزاروں بلکہ لاکھوں میل کی دوری تک جانے والے خلا نورد وں نے اکثر واپسی کے بعد مختلف بیماریوں کی شکایت کی ہے۔ تازہ ترین تحقیق کے مطابق یہ خلا نورد سرطان میں مبتلا ہونے کے خطرات سے زیادہ دوچار رہتے ہیں کیونکہ خلائی سفرکے دوران انہیں گلاکٹک کاسمک شعاعوں سے واسطہ پڑتا ہے جو انتہائی مضر صحت اثرات قائم کرتی ہیں اور انکی تابکاری انسانی جسم میں کافی اندر تک نقصان پہنچاتی ہیں اوریہیں سے سرطان کا عمل دخل شروع ہوتا ہے۔اب نئی تحقیق کے نتیجے میں مریخ پر بھیجا جانے والا خلائی مشن خطرے میں پڑ سکتا ہے کیونکہ لاحق خطرات جاننے کے بعد بہت سے خلا نورد اس سفر پر جانے سے انکار کرسکتے ہیں جبکہ سائنسی دنیا مریخ سے آگے تک انسان کو پہنچانے کے منصوبے بنا رہی ہے۔