امیر کویت کی عدم موجودگی میں کویتی وزیراعظم ان کے نائب ہوں گے
اتوار 21 اپریل 2024 18:17
امیر کویت نے اس حوالے سے شاہی فرمان جاری کیا ہے۔ (فوٹو: اخبار24)
امیر کویت شیخ مشعل الاحمد نے وزیراعظم احمد عبداللہ الاحمد الصباح کو ان کی ملک میں عدم موجودگی کے دوران نائب امیر کے طور پر تعینات کیا ہے۔
سرکاری خبررساں کونا کے مطابق امیر کویت نے اس حوالے سے شاہی فرمان جاری کیا ہے۔
علاوہ ازںں کویتی وزیر اعظم نے اتوار کو قصر بیان میں آئینی حلف بھی اٹھایا ہے۔
واضح رہے کہ امیر کویت شیخ مشعل الاحمد الصباح نے دسمبر میں حلف اٹھانے کے بعد سے اب تک ولی عہد کا انتخاب نہیں کیا ہے۔
رواں ماہ کابینہ کے استعفے کے بعد امیر کویت نے احمد عبداللہ الاحمد الصباح کو وزیر اعظم نامزد کیا تھا اور انہیں نئی کابینہ کی تشکیل کی ہدایت کی تھی۔
یاد رہے کویتی پارلیمنٹ میں اپوزیشن ارکان نے اکثریت برقرار رکھی ہے۔ 50 رکنی اسمبلی میں اپوزیشن امیدواروں نے 29 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے جو گزشتہ سال کے انتخابی نتائج سے مختلف نہیں۔
نئی پارلیمنٹ کے خدو خال بڑی حد تک سبکدوش ہونے والی پارلیمنٹ سے ملتے جلتے ہیں جس میں گیارہ ارکان کو چھوڑ کر باقی تمام اپنی نشستیں برقرار رکھنے میں کامیاب رہے ہیں۔