وزاررت سیاحت کی ٹیموں کے تفتیشی دورے، خلاف ورزیوں پر 10 ہزار چالان
ہوٹلوں اور فرنشڈ اپارٹمنٹس میں دی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا گیا( فوٹو: اخبار24)
سعودی وزارت سیاحت کی تفتیشی کمیٹی نے مملکت میں رواں برس کے ابتدائی چار ماہ میں 15 ہزار تفتیشی دورے کیے۔ خلاف ورزیوں پر 10 ہزار چالان کیے گئے۔
سرکاری خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق وزارت سیاحت کی جانب سے سیاحتی قوانین پرعمل درآمد کویقینی بنانے کے لیے سیاحتی کمیٹیوں کو مزید فعال کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی خلاف ورزی کا فوری نوٹس لیا جائے۔
سیاحتی تفتیشی کمیٹیوں کی جانب سے متعدد شہروں میں ہوٹلوں اور فرنشڈ اپارٹمنٹس میں دی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا۔
خلاف ورزی پر67 ہوٹلوں اور رہائشی اپارٹمنٹس کو سیل کیا گیا جبکہ معمولی نوعیت کی خلاف ورزیوں پرانتباہی نوٹسز جاری کیے گئے۔
وزارت سیاحت کا کہنا ہے’ ہوٹلوں اوررہائشی اپارٹمنٹس کے حوالے سے موصول ہونے والی 11 ہزار شکایتوں پرکارروائی کی گئی‘۔
سیاحتی کمیٹیوں نے جازان ریجن میں رواں برس کے ابتدائی 4 ماہ کے دوران 26 ہوٹلوں اورفرنشڈ اپارٹمنٹس کو سیل کیا جبکہ مکہ مکرمہ ریجن میں یہ تعداد 20 اورمدینہ منورہ میں 11 رہی۔
رہائشی خلاف ورزیوں پرمشرقی ریجن میں 4 ہوٹلوں جبکہ قصیم اور حائل میں تین ،3 رہائشی اپارٹمنٹس کو سیل کیا گیا۔
وزارت سیاحت کا اس حوالے سے کہنا تھا’ اولین ترجیح سیاحوں کی رضا مندی ہے۔ اس حوالے سے کسی قسم کی شکایت برداشت نہیں کی جائے گی‘۔
وزارت نے سیاحتی کمیٹی کا ٹول فری نمبر 930 بھی جاری کیا ہے جس پر کسی بھی خلاف ورزی کے بارے میں رپورٹ درج کرائی جاسکتی ہے۔