سعودی عرب سے غزہ کی مدد کے لیے 47 واں طیارہ مصر روانہ
جمعرات 25 اپریل 2024 14:56
’طیارے میں غذائی اشیا کے علاوہ، طبی سامان، کمبل، خیمے اور سلیپنگ پیگز ہیں‘ (فوٹو: سبق)
غزہ کے لیے جاری عوامی عطیات مہم کے تحت سعودی عرب سے 47 واں طیارہ آج جمعرات کوروانہ ہوگیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق ریاض سے مصر کے العریش ایئرپورٹ کے لیے روانہ ہونے والے طیارے میں مختلف امدادی سامان موجود ہے۔
انتظامیہ نے کہا ہے کہ ’ طیارے میں غذائی اشیا کے علاوہ، طبی سامان، کمبل، خیمے اور سلیپنگ پیگز ہیں‘۔
سعودی عرب کی جانب سے غزہ کے لیے فضائی امدادی کارروائیوں کے ساتھ ساتھ سمندری ذریعے سے بھی ضروری اشیا کی ترسیل جاری ہے۔
واضح رہے کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ہدایت پر عوامی عطیات مہم جاری ہے۔